ادویات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ ہونے کے بعد 85.6 فیصد دوائیں مہنگی، بعض کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ، مسابقتی کمیشن کی رپورٹ

عمید علی

اسلام آباد: پاکستان میں فروری 2024 میں ادویات کی قیمتوں کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کیے جانے کے بعد 85 فیصد سے زائد غیر ضروری ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ تقریباً ایک تہائی ادویات 50 فیصد سے زائد مہنگی ہوئیں اور درجنوں ادویات کی قیمتیں دگنی سے بھی زیادہ ہوگئیں، مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کی ہدایت پر کی گئی تحقیق میں انکشاف ہوا کہ 2023 سے 2026 کے آغاز تک جائزے میں شامل 822 ادویات میں سے 704 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جن میں 257 ادویات 50 فیصد سے زائد جبکہ 63 ادویات 100 فیصد سے بھی زیادہ مہنگی ہوئیں۔

ادویات کی قیمتوں پر ڈی ریگولیشن کے اثرات سے متعلق مسابقتی کمیشن کی رپورٹ پیر کو سینیٹر عامر ولید چشتی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے اجلاس میں پیش کی گئی، جس میں ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور دوا ساز کمپنیوں کو قیمتیں مقرر کرنے کی آزادی دینے کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فروری 2024 میں ایس آر او 228(I)/2024 کے ذریعے غیر ضروری ادویات کی قیمتوں کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کردیا تھا، جس کے بعد دوا ساز کمپنیوں کو مارکیٹ کے حالات کے مطابق اپنی مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے کی اجازت مل گئی۔ تاہم قومی فہرست میں شامل ضروری ادویات کی قیمتیں ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2018 کے تحت بدستور سرکاری کنٹرول میں رہیں۔

ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر سینیٹ سیکریٹریٹ نے 13 مئی 2026 کو مسابقتی کمیشن کو ہدایت کی تھی کہ وہ ڈی ریگولیشن کے بعد قیمتوں میں اضافے، دوا ساز کمپنیوں کے طرز عمل اور ممکنہ ملی بھگت یا اجارہ داری کا جائزہ لے۔ کمیشن نے تین جون کو باقاعدہ تحقیقات شروع کی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جائزے میں شامل 85.6 فیصد ادویات کی قیمتیں بڑھیں، 14.1 فیصد کی قیمتیں برقرار رہیں جبکہ صرف 0.2 فیصد ادویات سستی ہوئیں۔

تحقیق کے مطابق 2023 سے 2026 کے دوران ادویات کی قیمتوں میں مجموعی اوسط درمیانی اضافہ 33.9 فیصد رہا، تاہم کمیشن کے مطابق مجموعی طور پر یہ اضافہ اسی عرصے کی مہنگائی کی شرح سے کم تھا۔

مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں نمایاں فرق سامنے آیا۔ سب سے زیادہ اضافہ آنکھوں کی بیماریوں کی ادویات میں 99.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جلدی امراض کی ادویات 77.9 فیصد اور منرلز و ملٹی وٹامنز 64.8 فیصد مہنگے ہوئے۔

اس کے برعکس امراض نسواں اور بانجھ پن کے علاج کی ادویات کی قیمتوں میں 7.5 فیصد، ذیابیطس اور ہارمونز سے متعلق ادویات میں 23.6 فیصد جبکہ اعصابی اور نفسیاتی بیماریوں کی ادویات میں 24.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مسابقتی کمیشن نے ان دوا ساز کمپنیوں کی بھی نشاندہی کی جن کی سب سے زیادہ مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گلیکسو اسمتھ کلائن (جی ایس کے) کی 32، مارٹن ڈاؤ مارکر کی 22، ایبٹ کی 17، سیرل اور نووارٹس/نوواکس کی 16، 16 جبکہ سامی فارماسیوٹیکلز کی 15 ادویات کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

کمیشن کے مطابق 50 فیصد سے زائد مہنگی ہونے والی زیادہ تر ادویات کا تعلق چھ دوا ساز کمپنیوں سے تھا، جبکہ بعض ادویات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ایسے پراڈکٹس میں سامنے آیا جن کے متبادل محدود ہوسکتے ہیں۔

تاہم مسابقتی کمیشن کو دوا ساز کمپنیوں کے درمیان بڑے پیمانے پر ملی بھگت، مشترکہ طور پر قیمتیں بڑھانے یا کارٹل بنانے کے ٹھوس شواہد نہیں ملے۔

کمیشن کے مطابق مختلف ادویات اور علاج کی اقسام میں قیمتوں میں اضافے کی شرح مختلف رہی، جبکہ مہنگائی، روپے کی قدر میں کمی اور دیگر معاشی عوامل بھی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2023 سے 2024 کے دوران ادویات کی درمیانی قیمتوں میں 14.3 فیصد، 2024 سے 2025 کے دوران 11.4 فیصد جبکہ 2025 سے 2026 کے دوران 5.2 فیصد اضافہ ہوا۔

مسابقتی کمیشن نے سفارش کی کہ ادویات کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا عوامی ریکارڈ مرتب کیا جائے، جس میں دوا ساز کمپنیاں قیمتوں میں ہر اضافے کی تفصیلات فراہم کریں تاکہ شہری معلوم کرسکیں کہ کسی دوا کی قیمت کب اور کتنی بڑھی۔

کمیشن نے یہ بھی سفارش کی کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا موازنہ مہنگائی کی حقیقی شرح سے کیا جائے اور مقررہ حد سے زیادہ قیمتیں بڑھانے والی کمپنیوں سے وضاحت طلب کی جائے۔

غیر معمولی طور پر مہنگی ہونے والی ادویات کے بارے میں پیداواری لاگت، خام مال کی درآمد، ڈالر کی قیمت اور متبادل برانڈز کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لینے کی سفارش بھی کی گئی۔

تاہم کمیشن نے ڈی ریگولیشن کی پالیسی واپس لینے کے بجائے ادویات کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی اور غیر معمولی اضافے کی صورت میں متعلقہ کمپنیوں کے خلاف تحقیقات کی سفارش کی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور جان بچانے والی ضروری ادویات کی قلت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عامر ولید چشتی نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں کو سرکاری کنٹرول سے آزاد کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ دوا ساز کمپنیوں کو من مانی قیمتیں بڑھانے کی کھلی چھوٹ دے دی جائے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ادویات کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی اور مریضوں کو بلاجواز اضافے سے تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

مسابقتی کمیشن کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ قیمتوں کے سروے میں نشاندہی ہونے والی دوا ساز کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں اور ان کے جوابات کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ قیمتوں میں اضافہ کس حد تک جائز تھا۔

کمیشن نے یقین دہانی کرائی کہ دوا ساز کمپنیوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی اور ان کی وضاحتوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں