کراچی: پاکستانی نژاد عالمی شہرت یافتہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر آصف حسن نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بن سکتا ہے تو یہاں ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا باقاعدہ نظام کیوں قائم نہیں ہوسکتا؟ پاکستان میں اعضاء عطیہ کرنے کے حوالے سے قانون موجود ہے، تاہم عوامی آگاہی اور عطیہ کرنے کی رضامندی نہ ہونے کے باعث ٹرانسپلانٹ کے شعبے میں مطلوبہ پیش رفت نہیں ہوسکی۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف حسن نے کہا کہ پاکستان میں اعضا عطیہ کرنے کی شرح محض 0.5 فیصد ہے۔
انہوں نے سامعین سے سوال کیاکہ یہاں کتنے افراد ایسے ہیں جنہوں نے خود یا اپنے بچوں کے لیے بعد از مرگ اعضا عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے؟
ڈاکٹر آصف حسن نے کہا کہ جب تک معاشرہ اعضاء عطیہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہوگا، کوئی سرجن ہارٹ ٹرانسپلانٹ نہیں کرسکتا۔ ٹرانسپلانٹ صرف سرجن کی مہارت کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے لیے عطیہ کرنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ کی رضامندی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں سالانہ ڈھائی ہزار سے زائد ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیے جاتے ہیں، لیکن یہ اب وہاں ایک معمول کا طبی عمل بن چکا ہے اور ایسے آپریشنز کی خبریں بھی عام طور پر غیر معمولی خبر نہیں سمجھی جاتیں۔ پاکستان کو بھی اس شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے عوامی شعور اور اعضا عطیہ کرنے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔
ڈاکٹر آصف حسن نے اپنے بچپن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1967 میں دنیا کا پہلا کامیاب انسانی ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیا گیا تو اس وقت ان کی عمر تقریباً 12 سال تھی۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں طب اور سرجری نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور آج ہارٹ ٹرانسپلانٹ دنیا کے کئی ممالک میں باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے این آئی سی وی ڈی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کو امراض قلب کے علاج کے حوالے سے ایک اہم اور نمایاں طبی مرکز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اداروں میں جدید طبی سہولیات اور ماہرین کی موجودگی پاکستان میں دل کے پیچیدہ امراض کے علاج کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر آصف حسن کو برطانیہ میں پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری اور علاج کے شعبے میں تین دہائیوں سے زائد خدمات کے اعتراف میں پرائیڈ آف برطانیہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ انہوں نے نیو کیسل کے فری مین اسپتال میں اپنے کیریئر کے دوران چار ہزار سے زائد اوپن ہارٹ آپریشنز کیے اور بچوں کی پیچیدہ دل کی بیماریوں کے علاج، ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن اور سرجنز کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔