موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے لیے انڈس اسپتال کی کانفرنس، 50 سے زائد اسکولوں کے 200 طلبہ کی شرکت

کراچی: انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیر اہتمام نوجوانوں میں سماجی ذمہ داری اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے تیسری ’’میرِ کارواں تم ہو‘‘ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کراچی کے کورنگی کیمپس میں ہونے والی کانفرنس کا مرکزی موضوع ’’دی کاسٹ آف ٹومارو‘‘ یعنی آنے والے کل کی قیمت رکھا گیا تھا۔


کانفرنس میں شہر کے 50 سے زائد پارٹنر اسکولوں کے 200 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی، قدرتی وسائل کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار مستقبل کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔


طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے فوٹو وائس اور پوسٹر مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا۔ فوٹو وائس مقابلے میں کنزہ رئیس نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ 8 سے 16 سال کے بچوں کے لیے منعقدہ پوسٹر مقابلے میں ماریہ عقیل پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

کانفرنس کے دوران ’’آئی ایم اے ہیرو‘‘ کے عنوان سے سرگرمی بھی منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے 10 مختلف گروپس کی صورت میں حصہ لیا۔ سرگرمی کے ذریعے طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں، ٹیم ورک، تخلیقی سوچ اور مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو جانچا گیا، جس کے اختتام پر تین کامیاب گروپس کا اعلان کیا گیا۔


انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، ان میں سماجی ذمہ داری کا احساس پیدا کرنے اور معاشرے کی بہتری میں ان کے فعال کردار کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔


واضح رہے کہ انڈس اسپتال نے نوجوانوں کو سماجی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں سے جوڑنے کے لیے 2021 میں ’’انڈس یقین‘‘ پروگرام شروع کیا تھا، جبکہ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے 2023 میں ’’میرِ کارواں تم ہو‘‘ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں