کراچی: ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے عالمی یونیورسٹی رینکنگ 2027 جاری کردی ہے، جس میں پاکستان کی 56 سرکاری و نجی جامعات نے جگہ بنالی ہے، قائداعظم یونیورسٹی پاکستان کی بہترین رینکنگ حاصل کرنے والی جامعہ قرار پائی ہے۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے 30 ستمبر کو جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق قائداعظم یونیورسٹی عالمی سطح پر 551 سے 600 کے رینکنگ بینڈ میں شامل ہے، جبکہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی یعنی این یو ایس ٹی 601 سے 650 اور کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد 651 سے 700 کے بینڈ میں شامل ہے۔
بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور یونیورسٹی آف لاہور 701 سے 800 کے بینڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
801 سے 1000 کے بینڈ میں پاکستان کی متعدد جامعات شامل ہیں، جن میں عبد الولی خان یونیورسٹی مردان، ایئر یونیورسٹی، غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ، گومل یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، اقراء یونیورسٹی، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پنجاب یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا، یونیورسٹی آف گجرات، یونیورسٹی آف ملاکنڈ اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
1001 سے 1200 کے بینڈ میں کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، لمز، رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، یونیورسٹی آف پشاور، بحریہ یونیورسٹی، پی ایم اے ایس ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی سمیت متعدد جامعات شامل ہیں۔
1201 سے 1400 کے بینڈ میں کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور، یو ای ٹی لاہور، یونیورسٹی آف سرگودھا اور یونیورسٹی آف سوات شامل ہیں۔
1401 سے 1600 کے بینڈ میں انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو، ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان اور سپیریئر یونیورسٹی شامل ہیں۔
کراچی کی اہم جامعات میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور جامعہ کراچی 1601 سے 1800 کے بینڈ میں شامل ہیں، جبکہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی 1801 سے 2000 کے بینڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز، NUMS، 2001 اور اس سے اوپر کے بینڈ میں شامل ہے۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کے مطابق 2027 کی عالمی رینکنگ میں دنیا کے 118 ممالک اور خطوں کی 2 ہزار 297 جامعات شامل کی گئی ہیں۔ اس سال کی رینکنگ کو ادارے کی جانب سے اب تک کی سب سے جامع رینکنگ قرار دیا گیا ہے۔
عالمی سطح پر آکسفورڈ یونیورسٹی مسلسل گیارہویں مرتبہ دنیا کی نمبر ایک یونیورسٹی قرار پائی ہے۔ ایشیائی جامعات نے بھی نمایاں بہتری دکھائی ہے اور پہلی مرتبہ ایشیا مجموعی طور پر براعظم یورپ سے آگے نکل گیا ہے۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن یونیورسٹیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے تدریس، تحقیق، تحقیق کے معیار، صنعت کے ساتھ تعاون اور عالمی روابط سمیت مختلف اشاریوں کو مدنظر رکھتا ہے۔ 2027 کی رینکنگ میں مجموعی طور پر 17 کارکردگی کے اشاریے استعمال کیے گئے ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کے مطابق 2026 کی رینکنگ میں پاکستان کی 48 جامعات شامل تھیں، جو 2027 میں بڑھ کر 56 ہوگئی ہیں۔ انہوں نے پاکستانی جامعات کی عالمی رینکنگ میں شمولیت کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے تحقیق کے معیار، بنیادی ڈھانچے اور تعلیم کے معیار میں مزید بہتری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی رینکنگ کے مطابق پاکستان کی مزید جامعات کا عالمی فہرست میں شامل ہونا ملک کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں بڑھتی ہوئی عالمی موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے، تاہم عالمی سطح پر مزید بہتری کے لیے تحقیق کے معیار، بین الاقوامی تعاون اور تدریسی معیار کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔