سندھ میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ ایم ڈی کیث کے حتمی نتائج جاری کردیئے گئے ہیں۔ امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی تمام شکایات اور سوالات کی جانچ پڑتال اور ازالے کے بعد سِبا ٹیسٹنگ سروسز نے حتمی نتیجہ جاری کیا ہے۔
ایم ڈی کیٹ کا امتحان 20 ستمبر 2026 کو 9 امتحانی مراکز میں منعقد ہوا، جن میں کراچی کے دو مراکز کے علاوہ حیدرآباد، جامشورو، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد، لاڑکانہ، سکھر اور اسلام آباد شامل تھے۔
حتمی نتیجے کے مطابق شکارپور کی مہیما ہریش کمار تلیجا نے 180 میں سے 179 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ چار امیدواروں نے 178 اور پانچ امیدواروں نے 177 نمبر حاصل کیے۔
سیبا ٹیسٹنگ سروس کے جاری اعداد و شمار کے مطابق 16 ہزار 507 امیدواروں نے 55 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے، جو ایم بی بی ایس کے لیے مقررہ کم از کم معیار ہے، جبکہ 90 یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کی تعداد 19 ہزار 323 رہی، جو بی ڈی ایس کے لیے مقررہ 50 فیصد معیار پر پورا اترتے ہیں۔
سیبا ٹیسٹنگ سروس کے مطابق 55 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں میں کراچی ایسٹ کے 1815، کراچی سینٹرل کے 1283، خیرپور کے 970، کراچی ساؤتھ کے 748، سانگھڑ کے 726، نوشہروفیروز کے 674، دادو کے 669، حیدرآباد کے 652، شہید بینظیرآباد کے 630، لاڑکانہ کے 623، تھرپارکر کے 613، میرپورخاص کے 571، کورنگی کے 547، بدین کے 542، سکھر کے 503، قمبر شہدادکوٹ کے 494، کشمور کے 468، گھوٹکی کے 461، ملیر کے 453، عمرکوٹ کے 437، جیکب آباد کے 430، کراچی ویسٹ کے 404، شکارپور کے 384، جامشورو کے 265، مٹیاری کے 244، کیماڑی کے 242، ٹھٹھہ کے 181، ٹنڈو اللہیار کے 177، ٹنڈو محمد خان کے 159 اور سجاول کے 142 امیدوار شامل ہیں۔
یوں ایم بی بی ایس کے مقررہ کم از کم معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں میں کراچی شرقی سب سے زیادہ امیدواروں والا ضلع رہا، اس کے بعد کراچی وسطی اور خیرپور کا نمبر آیا۔
سیبا ٹیسٹنگ سروس کے مطابق 25 ستمبر کو جاری ہونے والے عبوری نتائج پر مقررہ وقت کے دوران موصول ہونے والی تمام شکایات اور سوالات کی تصدیق کرکے انہیں حل کیا گیا، جس کے بعد حتمی نتیجہ جاری کیا گیا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے مقررہ معیار کے مطابق ایم بی بی ایس کے لیے کم از کم 55 فیصد جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 50 فیصد نمبر درکار ہیں۔ تاہم مقررہ فیصد حاصل کرنا صرف امتحانی معیار پر پورا اترنے کی نشاندہی کرتا ہے، اسے کسی میڈیکل یا ڈینٹل کالج میں داخلے کی ضمانت نہیں سمجھا جاسکتا۔
مکمل حتمی نتیجہ امیدواروں کے نمبروں کی زیادہ سے کم ترتیب میں جاری کیا گیا ہے، جبکہ امیدواروں کی ذاتی معلومات PMDC کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں۔