ایم ڈی کیٹ 2026: ملک بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار امتحان دیں گے


کراچی: ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کا انعقاد اتوار کو کیا جائے گا، جس کے لیے پانچ جامعات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 38 ہزار 158 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔


سندھ میں ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے زیرانتظام سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے ذریعے کیا جائے گا۔ وائس چانسلر سکھر آئی بی اے پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے لیے 34 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات رجسٹرڈ ہیں۔


پروفیسر آصف احمد شیخ کے مطابق سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے لیے کراچی، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور اسلام آباد سمیت 8 شہروں میں 9 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ کراچی میں دو مراکز این ای ڈی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں قائم کیے گئے ہیں۔


کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی میں تقریباً 6 ہزار جبکہ ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں 4 ہزار 964 امیدوار ایم ڈی کیٹ میں شرکت کریں گے۔ اس طرح کراچی میں مجموعی طور پر تقریباً 11 ہزار طلبہ و طالبات ٹیسٹ دیں گے۔


سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا امتحان اتوار کو صبح 10 بجے شروع ہوگا، تاہم امیدواروں کے لیے رپورٹنگ ٹائم صبح ساڑھے 6 بجے مقرر کیا گیا ہے۔ امتحان کا دورانیہ 3 گھنٹے ہوگا، اس لیے امیدواروں کو مقررہ وقت پر اپنے متعلقہ امتحانی مرکز پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


انتظامیہ کے مطابق امیدواروں کو امتحان مکمل ہونے سے قبل امتحانی مرکز چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام امیدواروں کو ٹیسٹ کے اختتام تک اپنی نشستوں پر موجود رہنا ہوگا۔


امتحان کے حوالے سے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے پروفیسر آصف احمد شیخ نے کہا کہ امتحان ختم ہونے کے بعد کسی بھی امیدوار کو سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کو مرکز سے روانگی سے قبل سوالیہ پرچہ نگران عملے کے حوالے کرنا ہوگا، بصورت دیگر امیدوار کا نتیجہ منسوخ کردیا جائے گا۔


انتظامیہ نے امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت کسی بھی قسم کی ڈیجیٹل ڈیوائس لانے پر پابندی عائد کردی ہے۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امتحانی قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں۔


پروفیسر آصف احمد شیخ نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے دوران شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور امتحانی پرچہ لیک نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پہلے بھی وعدہ کیا تھا اور اس بار بھی امتحان کے شفاف انعقاد کی یقین دہانی کراتے ہیں۔


سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق تمام امتحانی مراکز پر امیدواروں کے والدین اور سرپرستوں کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی، جبکہ امتحانی ہال میں امیدواروں کو ضروری اسٹیشنری اور صاف پینے کا پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔


پی ایم ڈی سی کے مطابق ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور امیدواروں و ان کے والدین کی سہولت کے لیے امتحانی مراکز پر ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں