ریبیز سے دو روز میں دو ہلاکتیں، 11 سالہ بچہ بھی دم توڑ گیا، اموات کی تعداد 22 ہوگئی


کراچی:کتے کے کاٹنے سے ہونے والی جان لیوا بیماری ریبیز سے دو روز میں دوسری ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، جس کے بعد ریبیز سے سندھ میں ہونے والی اموات کی تعداد 22 ہوگئی ہے، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں زیر علاج 11 سالہ بچہ ابوبکر انتقال کرگیا۔

اسپتال حکام کے مطابق میرپورخاص کا رہائشی 11 سالہ ابوبکر چند روز قبل جناح اسپتال لایا گیا تھا۔ بچے کو تقریباً دو ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا۔

اسپتال حکام کے مطابق ابوبکر کے والد نے بتایا تھا کہ کتے کے کاٹنے کے بعد بچے کو اینٹی ریبیز ویکسین بھی لگوائی گئی تھی۔

بچے کو ریبیز انسیفلائٹس کے شبہے میں جناح اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور نیورولوجی ٹیم کی زیر نگرانی اس کا علاج جاری تھا، تاہم وہ جمعہ کی صبح دورانِ علاج انتقال کرگیا۔

گزشتہ روز جناح اسپتال میں قیوم آباد کے 24 سالہ شہریار کی ریبیز کے باعث انتقال کرگیا تھا۔ شہریار کو دو ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، تاہم ڈاکٹرز کے مطابق اسے کتے کے کاٹنے کے بعد ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگوائی گئی تھی۔ شہریار میں ہائیڈروفوبیا، چڑچڑاپن، بے چینی اور ہیجان جیسی علامات ظاہر ہوئی تھیں اور ڈاکٹرز نے اس کی علامات کو ریبیز انسیفلائٹس سے مطابقت رکھنے والا قرار دیا تھا۔

اب 11 سالہ ابوبکر کی ہلاکت کے بعد سندھ میں رواں سال ریبیز سے ہونے والی اموات کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں