سندھ کے دینی مدارس میں 2,132 طلبہ کی ایچ آئی وی اسکریننگ مکمل، ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس کا کوئی کیس سامنے نہ آیا

کراچی: محکمہ صحت سندھ کے سی ڈی سی ون ایچ آئی وی پروگرام کے تحت صوبہ بھر کے دینی مدارس میں طلبہ کی صحت اور حفاظتی اسکریننگ کی خصوصی مہم کامیابی سے مکمل کرلی گئی، جس کے دوران 2 ہزار 132 طلبہ کی ایچ آئی وی اسکریننگ کی گئی۔


محکمہ صحت سندھ کے مطابق اس مہم کا مقصد طلبہ کی صحت مند نشوونما کو یقینی بنانا، متعدی امراض کی بروقت تشخیص اور کسی بھی ممکنہ وبائی خطرے کی روک تھام تھا۔ اسکریننگ کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع میں قائم دینی مدارس کے طلبہ کے طبی معائنے کیے گئے۔


محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اسکریننگ کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا رہے اور کسی بھی مدرسے میں ایچ آئی وی یا ہیپاٹائٹس کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔ حکام کے مطابق یہ نتائج اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ مدارس میں طلبہ کی عمومی صحت کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔


سی ڈی سی ون ایچ آئی وی پروگرام کی انتظامیہ نے مہم کی کامیابی پر سندھ بھر کے دینی مدارس کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کے سرپرستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھرپور تعاون کی بدولت اسکریننگ کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔


محکمہ صحت سندھ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے بھر میں بچوں اور نوجوانوں کی صحت کے تحفظ، متعدی امراض کی بروقت تشخیص اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے ایسی احتیاطی اور حفاظتی مہمات آئندہ بھی باقاعدگی سے جاری رکھی جائیں گی۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں