لاہور: پاکستان میں شوگر اور موٹاپے کے بڑھتے ہوئے بوجھ کے پیش نظر لاہور کے “آپ کا کلینک” میں مستحق مریضوں کے لیے مفت لیور سکین اور موٹاپے و ذیابیطس کے جدید علاج کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ فلاحی منصوبہ گیٹز فارما، الرافع فاؤنڈیشن اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن (پی ایس آئی ایم) کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت مریضوں کو فائبرواسکین اور لیور اسٹیفنیس اسیسمنٹ (LISA) سمیت جدید تشخیصی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گیٹز فارما کے ایگزیکٹو چیئرمین خالد محمود نے اعلان کیا کہ موٹاپے کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی مہنگی ادویات مستحق مریضوں کو مفت فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ “آپ کا کلینک” میں جدید طبی سہولیات موجود ہیں تاہم ملک میں صحت کے شعبے کے لیے مزید وسائل مختص کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق وفاقی وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان میں شوگر اور موٹاپا وبائی صورت اختیار کر رہے ہیں اور موٹاپا کینسر سمیت کم از کم 13 بڑی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کے ذریعے ان بیماریوں کے بوجھ کو کم کیا جا سکتا ہے۔
تقریب میں شریک طبی ماہرین نے شوگر اور موٹاپے کے جدید علاج اور فیٹی لیور کی بروقت تشخیص کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ فائبرواسکین اور لیور اسیسمنٹ جیسی مہنگی سہولیات، جن کے لیے عام طور پر ہزاروں روپے خرچ کرنا پڑتے ہیں، اب مستحق مریضوں کو مفت دستیاب ہوں گی۔
افتتاحی تقریب میں پروفیسر شہلا جاوید اکرم، پروفیسر آفتاب محسن، پروفیسر عزیز الرحمان، ڈاکٹر عباس رضا، پروفیسر جمشید تاج، پروفیسر محمد عمران، پروفیسر اعزاز مند، پروفیسر صداقت علی خان اور ڈاکٹر اشرف نظامی سمیت ملک کے ممتاز معالجین اور ماہرین نے شرکت کی۔