کراچی: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کی کراچی میں سینٹرل ڈرگ لیبارٹری کو عالمی سطح پر منظوری حاصل ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے لیبارٹری کو پری کوالیفائی کر دیا ہے، جس کے بعد ملک میں ادویات کی جانچ پڑتال عالمی معیار کے مطابق ممکن ہو سکے گی۔
ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ سینٹرل ڈرگ لیبارٹری کراچی میں ہر قسم کی ادویات کی ٹیسٹنگ کی مکمل صلاحیت موجود ہے اور اس عالمی منظوری کے بعد ادویات کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔ اس پیش رفت کو نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق عالمی ادارے کی جانب سے پری کوالیفکیشن ملنے سے پاکستان کی ادویات پر اعتماد میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں برآمدات بڑھنے کے امکانات بھی روشن ہو گئے ہیں۔
ڈریپ حکام نے مزید بتایا کہ اس اہم کامیابی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبید اللہ کا کلیدی کردار رہا، جن کی قیادت میں لیبارٹری نے عالمی معیار پر پورا اترنے کے لیے اقدامات مکمل کیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس منظوری سے پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر کو عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ مضبوط بنانے میں مدد ملے گی اور ملک میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی پیش رفت ہوگی۔