اسلام آباد: سال 2026 کے آغاز پر پاکستان بھر سے حاصل کیے گئے بیشتر ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک نکلے ہیں، جسے حکام نے انسدادِ پولیو مہم میں اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
حکام کے مطابق جنوری 2026 میں ملک کے 87 اضلاع میں سے 67 اضلاع کے ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے منفی رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں 127 مقامات سے لیے گئے نمونوں میں سے صرف 24 میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، جو اکتوبر 2023 کے بعد کم ترین مثبت شرح ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تمام ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک پائے گئے۔ تاہم بلوچستان کے اضلاع ڈیرہ بگٹی اور کیچ میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں پولیو کے چار ماحولیاتی نمونے مثبت رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ میں زیادہ تر مثبت نمونے کراچی اور اس سے ملحقہ اضلاع سے سامنے آئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے چار ماحولیاتی مقامات طویل عرصے بعد پولیو وائرس سے پاک ہو گئے ہیں، جو خوش آئند پیش رفت ہے۔
انسدادِ پولیو حکام کے مطابق ماحولیاتی نگرانی پولیو وائرس کی بروقت نشاندہی کا مؤثر ذریعہ ہے اور اسی کے ذریعے وائرس کی موجودگی کا سراغ لگا کر فوری اقدامات کیے جاتے ہیں۔
تاہم حکام نے انکشاف کیا کہ حالیہ پولیو مہم کے دوران تقریباً 10 لاکھ بچے ویکسین سے محروم رہ گئے۔ ویکسین سے انکار کی بڑی وجہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات کو قرار دیا گیا ہے۔
