کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ ترجمان کے مطابق ڈاکٹر شاہد رسول کو آج صبح اچانک ہارٹ اٹیک ہوا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر رنجی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹرز انہیں بچا نہ سکے۔
ڈاکٹر شاہد رسول کی عمر 59 سال تھی اور وہ جون 2026 میں ریٹائر ہونے والے تھے۔ انہیں 2021 میں محکمۂ صحت سندھ کی جانب سے جے پی ایم سی کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا تھا۔ مرحومہ ڈاکٹر سیمیں جمالی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ڈاکٹر شاہد رسول نے یہ عہدہ سنبھالا اور ادارے میں متعدد اصلاحات اور ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا، جنہیں طبی حلقوں میں خاص پذیرائی ملی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا اظہار تعزیت
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈاکٹر شاہد رسول کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شمار ملک کے بہترین سرجنز میں ہوتا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد رسول کی پیشہ ورانہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
عبدالرشید چنا، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بھی ڈاکٹر شاہد رسول کی وفات کو صحت کے شعبے کا بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نفیس، محنتی اور مثالی ایڈمنسٹریٹر تھے جن کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔
طبی برادری، جے پی ایم سی کے اسٹاف اور ان کے سابق طلبہ نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تدفین کے انتظامات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
جناح ہسپتال کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول انتقال کر گئے
