کراچی: سرجیکل یورولوجی کے شعبے میں پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ۔۔۔ کراچی میں آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں کامیابی کے ساتھ لیپروسکوپک پارشل نِفریکٹومی انجام دے کر گردے کی سرجری میں نئی راہ ہموار کر دی ہے ۔
کنسلٹنٹ یورولوجسٹ ڈاکٹر عمران خان جلبانی اور ان کی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ لیپروسکوپک پارشل نِفریکٹومی انجام دی، یہ جدید اور کم تکلیف دہ سرجری گردے کی رسولی یا ٹیومر کے علاج میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی ہے۔
دنیا بھر میں طب کے میدان میں تیزی سے تبدیلی آرہی ہے۔ ماضی میں جن آپریشنز کے لیے بڑے چیروں کی ضرورت ہوتی تھی، اب وہی آپریشن منیملی اِنویسیو سرجری یعنی چھوٹے چیروں سے ممکن ہو چکی ہیں۔
لیپروسکوپک سرجری ایک ایسا جدید طریقہ علاج ہے جس میں کیمرے اور باریک آلات کے ذریعے جسم کے اندر آپریشن کیا جاتا ہے، جس سے مریض کے کم خون بہنے، کم تکلیف اور جلد صحتیابی ممکن ہوتی ہے۔
ڈاکٹر عمران خان جلبانی کے مطابق یہ آپریشن اس لحاظ سے منفرد تھا کہ اس میں گردے کا صرف متاثرہ حصے کو نکالا گیا جب کہ باقی صحت مند حصہ محفوظ رکھا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ لیپروسکوپک پارشل نِفریکٹومی ایک انتہائی نازک آپریشن ہے۔ اس سرجری کے دوران گردے کی خون کی روانی تقریباً 25 منٹ کے لیے عارضی طور پر روکنی پڑتی ہے۔ اس قلیل وقت میں رسولی نکالنا اور گردے کو دوبارہ جوڑنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، لیکن ہماری ٹیم نے یہ کامیابی سے مکمل کیا۔
متاثرہ مریض ارشد خان، جو گردے میں تکلیف اور رسولی کی کی شکایت پر اسپتال آئے تھے، انہوں نے بتایا کہ انہیں شروع میں خوف محسوس ہوا کہ یہ بڑا آپریشن ہوگا، مگر جدید لیپروسکوپک طریقے کی بدولت وہ اگلے ہی دن چلنے پھرنے کے قابل ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ میں گردے میں رسولی کے باعث اسپتال آیا تھا، مگر ڈاکٹر عمران اور ان کی ٹیم کی بدولت اب میں تین دن بعد گھر جا رہا ہوں۔ مجھے نہ زیادہ درد ہوا اور نہ ہی زیادہ دن اسپتال رکنا پڑا۔
ڈاکٹر عمران جلبانی کے مطابق یہ کامیاب سرجری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں بھی عالمی معیار کی جدید طبی سہولیات دستیاب ہیں۔ اس تکنیک کے ذریعے اب گردے کے ٹیومر یا رسولی کے لیے مریضوں کو اوپن سرجری کے بجائے ایک محفوظ، کم خرچ اور جلد صحتیابی والا علاج فراہم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جدید دنیا میں یہ کام روبورٹک سرجری کے ذریعے ممکن ہے لیکن پاکستان میں روبورٹک سرجری پر اخراجات بہت زیادہ آتے ہیں اس کے مقابلے میں لیپروسکوپک پارشل نِفریکٹومی میں آپریشن کی لاگت انتہائی کم ہوجاتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق لیپروسکوپک سرجری کے فوائد واضح ہیں اس میں مریض کو کم تکلیف ہوتی ہے، اسپتال میں قیام کا دورانیہ مختصر ہوتا ہے اور صحت یابی کی رفتار زیادہ تیز ہوتی ہے۔
ڈاکٹر عمران خان نے بتایا کہ یہ کامیابی نہ صرف آغا خان اسپتال کے لیے بلکہ پورے ملک کے طبی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی جدید یورولوجیکل سرجری کے نئے دروازے کھل چکے ہیں، جہاں مریضوں کو عالمی معیار کی سہولیات مقامی سطح پر میسر آ سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی پاکستان میں جدید سرجری کے ایک نئے دور کی شروعات ہیں، جہاں علاج کم تکلیف دہ، مؤثر اور عام مریض کی دسترس میں ہوگا۔
