کراچی سے ہزاروں امیدواروں کی شرکت کے باوجود ایم ڈی کیٹ 2026 کے اعلیٰ ترین نتائج میں کراچی نمایاں جگہ نہ بنا سکا، سندھ بھر کے ٹاپ 20 امیدواروں میں کراچی کا کوئی امیدوار شامل نہیں، جبکہ صوبے میں سب سے زیادہ امیدواروں اور کامیاب امیدواروں کا تعلق کراچی ڈویژن سے رہا۔
سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کی جانب سے جاری کردہ ایم ڈی کیٹ 2026 کی حتمی شماریاتی رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں مجموعی طور پر 34 ہزار 235 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں سے 33 ہزار 336 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جبکہ 899 امیدوار غیر حاضر رہے۔
امتحان میں کامیابی کے اعتبار سے 19 ہزار 323 امیدوار بی ڈی ایس کے لیے اہل قرار پائے، جبکہ 16 ہزار 507 امیدواروں نے 99 یا اس سے زائد نمبر حاصل کرکے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس دونوں کے لیے کوالیفائی کیا۔
نتائج میں سب سے زیادہ اسکور 179 نمبر رہا جبکہ امیدواروں کا اوسط اسکور 101.27 ریکارڈ کیا گیا۔ مجموعی طور پر 277 امیدواروں نے 171 سے 180 کے درمیان نمبر حاصل کیے، جبکہ 1468 امیدوار 161 سے 170 اور 2192 امیدوار 151 سے 160 نمبروں کے درمیان رہے۔
حتمی میرٹ کے حوالے سے دستیاب رپورٹنگ کے مطابق سندھ کے ٹاپ 20 امیدواروں میں کراچی کا کوئی امیدوار شامل نہیں۔ دستیاب ٹاپ پوزیشنز میں شکارپور، تھرپارکر، لاڑکانہ اور قمبر شہدادکوٹ کے امیدوار نمایاں رہے۔ پانچ امیدواروں نے 178 نمبر حاصل کیے جبکہ سب سے زیادہ اسکور 179 رہا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ امیدواروں کی تعداد کے لحاظ سے کراچی ڈویژن سندھ کا سب سے بڑا ڈویژن رہا۔ کراچی سے مجموعی طور پر 9 ہزار 505 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 5 ہزار 492 امیدوار ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی ہوئے۔ کراچی ڈویژن کا کوالیفائنگ تناسب 57.78 فیصد رہا۔
کراچی کے سات اضلاع میں سب سے زیادہ امیدوار کراچی ایسٹ سے شریک ہوئے، جہاں 2 ہزار 927 امیدواروں نے امتحان دیا اور 1815 امیدوار ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی ہوئے۔ کراچی سینٹرل سے 2141 امیدواروں میں سے 1283، کراچی ساؤتھ سے 1284 میں سے 748، کراچی ویسٹ سے 795 میں سے 404، کورنگی سے 1009 میں سے 547، ملیر سے 877 میں سے 453 جبکہ کیماڑی سے 472 امیدواروں میں سے 242 کوالیفائی ہوئے۔
دوسری جانب حیدرآباد ڈویژن سے 6 ہزار 890 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 3031 امیدوار ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی ہوئے۔ سکھر ڈویژن سے 4088 امیدواروں میں سے 1934، شہید بینظیرآباد ڈویژن سے 4500 میں سے 2030، لاڑکانہ ڈویژن سے 5167 میں سے 2399 جبکہ میرپورخاص ڈویژن سے 3186 میں سے 1621 امیدوار کوالیفائی ہوئے۔ MDCAT-2026-
صوبائی سطح پر نتائج میں طالبات کی تعداد بھی نمایاں رہی۔ امتحان دینے والے 33 ہزار 336 امیدواروں میں 20 ہزار 831 یعنی 62.48 فیصد طالبات جبکہ 12 ہزار 505 یعنی 37.51 فیصد طلبہ تھے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے کوالیفائی کرنے والوں میں بھی طالبات کی تعداد 10 ہزار 326 رہی، جو مجموعی کوالیفائی کرنے والے امیدواروں کا 62.56 فیصد بنتی ہے۔
یعنی ایم ڈی کیٹ 2026 میں کراچی کی مجموعی تعداد اور کامیاب امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ ہونے کے باوجود صوبے کے ٹاپ 20 اسکوررز میں کراچی کی نمائندگی نہ ہونا نتیجے کا ایک نمایاں پہلو بن کر سامنے آیا ہے۔ یہ صورتحال کراچی ڈویژن کی مجموعی کامیابی اور اعلیٰ ترین انفرادی اسکور کے درمیان ایک واضح فرق بھی ظاہر کرتی ہے۔