اسلام آباد: قومی ادارہ صحت اسلام آباد نے ضلع ٹانک، جنوبی خیبرپختونخوا سے پولیو کے ایک اور کیس کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیو وائرس سے متاثرہ بچی کی عمر 20 ماہ ہے اور اس کا تعلق بٹنی قبیلے اور یونین کونسل پنگ اے، تحصیل جنڈولہ سے ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کا کوئی سفری ریکارڈ نہیں ہے جبکہ علاقہ سیکورٹی خدشات کے باعث ویکسینیشن ٹیموں کی رسائی ممکن نہیں ہو سکی۔
یہ ضلع ٹانک اور جنوبی خیبرپختونخوا سے رواں سال سامنے آنے والا 14واں پولیو کیس ہے۔ مجموعی طور پر اس سال ملک میں رپورٹ ہونے والے 24 کیسز میں 16 کا تعلق خیبرپختونخوا، 6 کا سندھ، ایک کا پنجاب اور ایک کا گلگت بلتستان سے ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق سیکیورٹی مسائل اور بچوں تک ویکسینیشن ٹیموں کی محدود رسائی پولیو کے خاتمے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جس کے باعث وائرس بدستور مقامی آبادیوں میں گردش کر رہا ہے۔