کراچی: سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں جدید لیپرواسکوپک سرجریز کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ اسپتال میں پہلی بار 58 سالہ مریض کا کامیاب لیپرواسکوپک انگوائنل ہرنیا آپریشن کیا گیا۔ اس تاریخی کامیابی کو اسپتال کی طبی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔
اس پیچیدہ مگر کامیاب آپریشن کی سربراہی سینئر سرجن ڈاکٹر سید احمد سلطان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کی۔ ڈاکٹروں کے مطابق، عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے ایبڈومنل والز (Abdominal Walls) کمزور ہوجاتی ہیں، جس سے آپریشن کی جگہ نیا ہرنیا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ ایسے مریضوں میں اگر عام طرح آپریشن کیا جاںٔے تو مستقبل میں انسیشنل ہرنیا (Incisional Hernia) کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اسی وجہ سے عمر رسیدہ مریض کے پیٹ کو مضبوط بنانے کے لیے میش کا استعمال کیا گیا تاکہ ایبڈومنل والز کو بہتر سپورٹ فراہم کی جاسکے۔
سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر راشد سراج خانزادہ نے بتایا کہ اس کیس میں روایتی کھلے آپریشن کے بجائے لیپرواسکوپک پروسیجر استعمال کیا گیا، جو ایک جدید اور Minimal Invasive تکنیک ہے۔ اس طریقۂ کار میں پیٹ میں بڑا کٹ لگانے کے بجائے صرف ناف کے ذریعے باریک آلات داخل کرکے آپریشن کیا جاتا ہے۔ اس جدید تکنیک کے فوائد میں کم تکلیف، تیز رفتار صحت یابی اور انفیکشن کے خطرات میں نمایاں کمی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ منیمل انویسیو لیپرواسکوپک انوائنل ہرنیا ریپئر ایک ایسا آپریشن ہے جس میں صرف ایک چھوٹا سا کٹ لگایا جاتا ہے۔ اس میں کیمرے کی مدد سے ہرنیا کا علاج کیا جاتا ہے۔ اس طریقۂ علاج سے مریض کو کم وقت کے لیے اسپتال میں رہنا پڑتا ہے، وہ جلد صحت یاب ہوجاتا ہے، آپریشن کا نشان بھی نہیں رہتا اور انسیشنل ہرنیا جیسی پیچیدگیاں بھی پیدا نہیں ہوتیں۔
ڈاکٹر راشد سراج خانزادہ کے مطابق، مریض کی عمر اور صحت کے پیش نظر یہ طریقۂ کار انتہائی موزوں سمجھا گیا۔ آپریشن کے بعد مریض کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سے پہلے سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال میں پتے اور اپینڈکس کی لیپرواسکوپک سرجریز کی جاتی تھیں، تاہم انوائنل ہرنیا کے کیس کو پہلی بار کامیابی سے انجام دیا گیا ہے۔ اس کامیابی کے بعد اسپتال میں مزید پیچیدہ لیپرواسکوپک سرجریز کے راستے کھل گئے ہیں۔
ڈاکٹر راشد سراج خانزادہ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اور دیگر جنرل سرجریز بھی لیپرواسکپی سے کی جائیں گی تاکہ عوام کو جدید اور محفوظ طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ اس ترقی سے قطر اسپتال میں نہ صرف عوام کا اعتماد بڑھے گا بلکہ یہ سرکاری اسپتالوں میں جدید سرجری کے فروغ کے لیے بھی ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔
ڈاکٹر راشد سراج خانزادہ نے اس کامیابی کو عوام کے لیے امید کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے مریض کم وقت میں صحت مند زندگی کی طرف لوٹ سکتے ہیں۔