کراچی: قومی ادارہ برائے صحت اطفال کی او پی ڈی اور بچوں کے مختلف وارڈز میں مرکزی اے سی سسٹم فعال نہ ہونے کے باعث مریض بچوں، تیمار داروں اور طبی عملے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے مرکزی اے سی سسٹم کی مینٹیننس پر توجہ نہیں دی جاسکی، جس کے باعث گرمی اور حبس کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وارڈز میں زیر علاج بچوں کے لیے پنکھے چلا کر کام چلایا جا رہا ہے، جبکہ مختلف شعبہ جات کے سربراہان کی جانب سے انتظامیہ کو متعدد مرتبہ اے سی سسٹم کی خرابی سے آگاہ بھی کیا گیا۔
او پی ڈی میں روزانہ بڑی تعداد میں بچے اور ان کے تیمار دار آتے ہیں، جہاں مریضوں کے رش کے باعث گرمی میں طبی امور کی انجام دہی مزید مشکل ہو جاتی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق مرکزی اے سی سسٹم کی بروقت مرمت نہ ہونے سے اسپتال کے معمولات متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے تاحال مسئلے کے مستقل حل کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے۔