کراچی: شہر میں آوارہ کتوں کے بڑھتے حملوں نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں آوارہ اور خنخوار کتوں نے میدان میں کھیلنے والے بچوں پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 14 بچے زخمی ہوگئے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی بچوں کو فوری طور پر سندھ گورنمنٹ اسپتال اورنگی ٹاؤن منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ پاگل کتے نے بچوں کے ماتھے، سر، پیٹ، ہاتھوں اور پاؤں پر کاٹا۔
انتظامیہ کے مطابق متاثرہ بچوں میں 13 لڑکے اور ایک لڑکی شامل ہیں، جن کی عمریں 4 سے 12 سال کے درمیان ہیں۔ تمام زخمی بچوں کو احتیاطی طور پر اینٹی ریبیز ویکسین لگا دی گئی ہے۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد اور مسلسل حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں آوارہ کتوں کے حملے ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ بن چکے ہیں۔ رواں سال سندھ بھر میں کتے کے کاٹنے کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ کراچی میں کتوں کے کاٹنے کے 25 ہزار سے زائد واقعات سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ریبیز کے باعث سندھ میں 14 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کراچی کے بڑے اسپتالوں میں بھی ریبیز کے متعدد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں جناح اسپتال میں 5 جبکہ انڈس اسپتال میں 9 اموات شامل ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق کتے کے کاٹنے کے بعد فوری طور پر زخم کو صابن اور پانی سے دھونا، بروقت طبی امداد حاصل کرنا اور اینٹی ریبیز ویکسین کا کورس مکمل کرنا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ علامات ظاہر ہونے کے بعد ریبیز ایک خطرناک اور جان لیوا بیماری ثابت ہو سکتی ہے۔