16 جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان

اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے 16 جون سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی، گرد آلود ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں، مسافروں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مغربی ہوا کا سلسلہ 16 جون کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا اور 20 جون تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث بارشوں اور گرج چمک کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

پی ایم ڈی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں 16 سے 20 جون کے دوران وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

آزاد کشمیر کے مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں 16 سے 22 جون تک جبکہ گلگت بلتستان کے گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور اور دیامر سمیت دیگر علاقوں میں 18 سے 22 جون تک بارشوں اور گرج چمک کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، پشاور، مردان، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ سمیت متعدد اضلاع میں بھی 16 سے 20 جون کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، سبی، بارکھان اور خضدار سمیت شمالی و شمال مشرقی علاقوں میں بھی اسی عرصے کے دوران بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور اور شہید بینظیر آباد سمیت بالائی سندھ کے اضلاع میں بھی 16 سے 20 جون کے دوران آندھی اور بارش متوقع ہے، جبکہ کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

پی ایم ڈی نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کاشتکاروں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے اور سیاحوں و مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

پی ایم ڈی نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں