اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو پیر کے روز آنکھ کے معائنے اور علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لایا گیا، جہاں انہیں آنکھ کا پانچواں انجیکشن لگایا گیا۔
پمز انتظامیہ کے مطابق 74 سالہ عمران خان کا علاج پہلے سے جاری ہے اور اسی سلسلے میں انہیں فالو اپ معائنے کے لیے اسپتال لایا گیا تھا۔
اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں نے انجیکشن لگانے سے قبل ان کا معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر مستحکم قرار دیا۔ آنکھ کے خصوصی سکین سے بھی ان کی آنکھ کی حالت میں بہتری ظاہر ہوئی، جس کے بعد ڈاکٹروں نے اگلا انجیکشن لگانے کا فیصلہ کیا۔
پمز کے مطابق تمام ضروری احتیاطی تدابیر اور طبی اصولوں کے مطابق آپریشن تھیٹر میں انجیکشن لگایا گیا۔ یہ ایک مختصر طبی عمل تھا جس کے دوران عمران خان کی حالت تسلی بخش رہی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان علاج سے پہلے، دورانِ علاج اور بعد میں مکمل طور پر مستحکم رہے۔ انجیکشن لگانے کے بعد کچھ دیر نگرانی میں رکھنے کے بعد انہیں مزید نگہداشت اور فالو اپ ہدایات کے ساتھ واپس روانہ کر دیا گیا۔
پمز حکام نے بتایا کہ یہ عمران خان کی آنکھ کا پانچواں انجیکشن تھا اور تازہ معائنے میں ان کی حالت میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ تاہم اسپتال کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ انہیں آنکھ کی کون سی بیماری لاحق ہے یا علاج کے لیے کون سی دوا استعمال کی جا رہی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان علاج کے دوران کسی پیچیدگی کا شکار نہیں ہوئے اور انہیں مستحکم حالت میں واپس بھیج دیا گیا۔