اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جون کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی، گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے طوفانوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے جبکہ نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ موسمی پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 11 جون کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا اور 13 جون تک برقرار رہے گا جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی مرطوب ہوائیں بھی بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے باعث آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی سرگرمی میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ متاثر ہونے والے اضلاع میں اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، نورپور تھل، بھکر، لیہ، میانوالی، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، تاہم مجموعی طور پر اس موسمی سلسلے کی نمایاں خصوصیت آندھی، گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے طوفان ہوں گے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، ہنگو اور کرم میں بھی آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان موجود ہے۔
آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور جبکہ گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع ژوب، شیرانی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ سندھ کے بالائی اضلاع سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور اور شہید بینظیر آباد میں گرد آلود ہواؤں اور تیز جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ادارے کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ پیدا ہو سکتی ہے جبکہ 11 سے 13 جون کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی زرعی سرگرمیاں موسمی صورتحال کے مطابق ترتیب دیں جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔