سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی میں 22 نئے وینٹی لیٹرز کا اضافہ

کراچی: سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی میں جدید طبی سہولیات کے فروغ کے لیے 22 نئے وینٹی لیٹرز کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے اسپتال کی کریٹیکل کیئر صلاحیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔

اٹلی کے قونصل جنرل فابریزیو بیلی نے نئے وینٹی لیٹرز کا افتتاح کیا اور اسپتال کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ دورے کا مقصد اطفال اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کے شعبے میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔

قونصل جنرل نے اسپتال کے مختلف کلینیکل یونٹس کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایس آئی سی ایچ این کی جانب سے صحت کے شعبے میں کی جانے والی خدمات کو سراہا اور جدید طبی آلات کے مریضوں کی بہتر دیکھ بھال میں مثبت اثرات کو تسلیم کیا۔

دورے کے دوران اٹلی کی مختلف کمپنیوں کے ساتھ طبی تعاون اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا، جسے مستقبل میں صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ایس آئی سی سی ایچ این کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا اور ڈاکٹر ریحان نے قونصل جنرل سے ملاقات کی اور اسپتال کے اٹلی کے طبی اداروں اور کمپنیوں کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

قونصل جنرل فابریزیو بیلی نے اسپتال کے ساتھ مکمل تعاون اور آئندہ منصوبوں میں بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے ساتھ ساتھ طبی تربیت اور پروفیشنل ایکسچینج پروگرامز کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں