معروف ماہر متعدی امراض ڈاکٹر نسیم صلاح الدین مراکش میں ٹریفک حادثے کے بعد انتقال کر گئیں

اسلام آباد: پاکستان کی معروف معالج، ماہر متعدی امراض اور شعبۂ طب کی ممتاز شخصیت ڈاکٹر نسیم صلاح الدین مراکش میں ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کر گئیں۔ اہل خانہ اور قریبی ذرائع نے جمعہ کو ان کی وفات کی تصدیق کر دی۔

ان کے بھائی، معروف پاکستانی سائنسدان اور ماہر طبیعیات ڈاکٹر پرویز ہودبھائی نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سانحے سے شدید صدمے میں ہیں اور اس وقت مزید تفصیلات بیان کرنے کی کیفیت میں نہیں۔

ڈاکٹر پرویز ہودبھائی نے مختصراً کہا، “وہ اب ہم میں نہیں رہیں۔”

اہل خانہ کے مطابق ڈاکٹر نسیم صلاح الدین عالمی ادارۂ صحت سے متعلق ایک اجلاس میں شرکت کیلئے مراکش گئی تھیں جہاں بدھ کے روز وہ ایک ٹریفک حادثے کا شکار ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے متعدد آپریشنز کیے گئے، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

ڈاکٹر نسیم صلاح الدین پاکستان میں متعدی امراض کی صفِ اول کی ماہرین میں شمار ہوتی تھیں اور حال ہی میں کراچی کے انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک سے شعبۂ متعدی امراض کی سربراہ کی حیثیت سے ریٹائر ہوئی تھیں۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک متعدی بیماریوں کے علاج، تحقیق، آگاہی اور طبی تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

وہ خصوصاً ریبیز، تپ دق (ٹی بی)، اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس اور دیگر متعدی امراض پر اپنی مہارت اور خدمات کے باعث طبی حلقوں میں انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھی جاتی تھیں۔ صحتِ عامہ سے متعلق آگاہی پیدا کرنے، نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت اور غریب و محروم طبقات کیلئے طبی سہولیات کی فراہمی میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔

طبی ماہرین اور ان کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نہ صرف ایک قابل معالج تھیں بلکہ ایک نہایت شفیق اور انسان دوست شخصیت بھی تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کیے رکھی۔

ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ملک بھر کے ڈاکٹروں، سائنسدانوں، ماہرین صحت اور علمی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ متعدد ماہرین نے ان کی وفات کو پاکستان کے شعبۂ صحت، خصوصاً متعدی امراض کے میدان کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے پاکستان میں کتے کے کاٹنے سے بچاؤ، ریبیز کے علاج، انفیکشن کنٹرول اور متعدی بیماریوں سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ایسے وقت میں جب ان موضوعات پر عوامی توجہ نہ ہونے کے برابر تھی۔

ان کی میت پاکستان لانے اور تدفین سے متعلق انتظامات کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں