کراچی: سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹولوجی (SICHN) نے معروف اداکار ہمایوں سعید کو اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ادارہ محکمہ صحت حکومتِ سندھ کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے اور صوبے میں بچوں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔
ہمایوں سعید نے جمعرات کو ایس آئی سی ایچ این کا دورہ کیا ، اس موقع پر اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا نے ان کا استقبال کیا۔
ان کے دورے کا مقصد سندھ بھر میں نوزائیدہ بچوں کی صحت کے فروغ اور خصوصی طبی نگہداشت کے لیے آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
ہمایوں سعید بطور برانڈ ایمبیسیڈر بچوں کی صحت ، حفاظتی تدابیر اور ایس آیی سی ایچ این کی مفت اور خصوصی طبی خدمات فراہم کرنے کے مشن کو اجاگر کریں گے۔
ایس آئی سی ایچ ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید جمال رضا نے ہمایوں سعید کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردی اور عوامی اثر ہمیں مزید خاندانوں تک پہنچنے، آگاہی پھیلانے اور ایک صحت مند سندھ کے لیے مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کی بے پناہ آبادی کے ساتھ ساتھ، این آئی سی ایچ میں سندھ کے مختلف علاقوں کے علاوہ جنوبی پنجاب اور م بلوچستان کے علاقوں سے بھی کیسز آتے ہیں، ہماری کوشش ہوتی ہے زیادہ سے زیادہ بچوں کو علاج کی سہولیات میسر آسکیں۔ اسی لیے ہم اپنے نیٹ ورک کو پورے سندھ میں پھیلا رہے ہیں۔
ہمایوں سعید نے کہاکہ ایس آئی سی ایچ این سے منسلک ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ یہ ادارہ غریب اور ضرورت مند بچوں کو مفت طبی سہولتیں فراہم کر کے ایک عظیم مشن انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر بچے کا حق ہے کہ وہ زندگی کا بہترین آغاز کرے، اور میں اس نیک مقصد میں حصہ دار بن کر فخر محسوس کرتا ہوں۔
سندھ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹولوجی صوبے کا سب سے بڑا بچوں کے اسپتالوں کا نیٹ ورک ہے، جہاں نوزائیدہ اور بچوں کے خصوصی انتہائی نگہداشت یونٹس کے ساتھ ساتھ نیورولوجی، نیفرولوجی، کارڈیالوجی، اینڈوکرائنالوجی اور ری ہیبیلیٹیشن کی خدمات مکمل طور پر مفت فراہم کی جاتی ہیں۔
