جھل مگسی کا 20 سالہ نوجوان ریبیز کے باعث جاں بحق، کراچی میں رواں سال اموات کی تعداد 43 ہوگئی

کراچی: کتے کے کاٹنے سے پھیلنے والی مہلک بیماری ریبیز نے ایک اور جان لے لی۔ بلوچستان کے علاقے جھل مگسی سے تعلق رکھنے والا 20 سالہ نوجوان کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں انتقال کرگیا۔ جس کے بعد رواں سال کراچی کے دو بڑے اسپتالوں میں ریبیز سے ہونے والی اموات کی تعداد 43 ہوگئی ہے، جن میں جناح اسپتال میں 13 جبکہ انڈس اسپتال میں 30 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

اسپتال حکام کے مطابق نوجوان کی شناخت عرفان ولد غوث بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ اسے 17 نومبر 2026 کو صبح 7 بج کر 50 منٹ پر جے پی ایم سی کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ لایا گیا۔ نوجوان کو تیز بخار، چڑچڑاپن، پانی سے خوف اور نگلنے میں دشواری کی شکایت تھی۔

اسپتال حکام کے مطابق نوجوان کو تقریباً دو ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا، تاہم واقعے کے بعد اس نے ریبیز سے بچاؤ کے لیے کوئی ویکسین یا حفاظتی علاج نہیں کروایا تھا۔ ابتدائی طبی معائنے میں اسے پانی سے خوف اور نگلنے میں دشواری جیسی علامات کے باعث ریبیز کا مشتبہ مریض قرار دیا گیا۔

اسپتال میں نیورو میڈیسن ٹیم کو بھی طلب کیا گیا، جس نے معائنے کے بعد نوجوان کو ریبیز انسیفلائٹس کا مریض قرار دیا۔ اسے ایف جی او وارڈ میں داخل کرکے طبی پروٹوکول کے مطابق علاج شروع کیا گیا، تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود نوجوان جانبر نہ ہوسکا۔

سرکاری اسپتالوں سے جمع کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق رواں سال جناح اسپتال میں ریبیز سے 13 جبکہ انڈس اسپتال میں 30 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔ یوں دونوں اسپتالوں میں ریبیز سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 43 ہوگئی ہے۔

ریبیز ایک مہلک مگر قابلِ بچاؤ بیماری ہے۔ کتے یا کسی دوسرے مشتبہ جانور کے کاٹنے یا خراش آنے کی صورت میں زخم کو فوری طور پر صابن اور بہتے پانی سے کم از کم 15 منٹ تک دھونا اور بلا تاخیر اسپتال پہنچنا ضروری ہے۔ طبی ہدایات کے مطابق ریبیز سے بچاؤ کی ویکسین اور ضرورت کے مطابق ریبیز امیونوگلوبیولن (RIG) لگوانا بھی انتہائی اہم ہے۔ بیماری کی علامات ظاہر ہونے کے بعد ریبیز عموماً جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں