سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹالوجی میں نومولود بچوں کی شرح اموات چار سال میں کم ترین سطح پر آگئی

کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹالوجی (ایس آئی سی ایچ این) نے گزشتہ چار برسوں کے دوران اپنے طبی مراکز میں نومولود بچوں کی شرح کم ہوگئی ہے
جناح اسپتال میں قائم مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ سینٹر میں ہونے والے سروے میں نومولود کی یہ شرح اموات 15 تک آچکی ہے۔
ادارے کے ماہرین کو یقین ہے کہ وہ نومولود بچوں کی شرح اموات آئندہ سال مزید مزید کم کرلیں گے اور جلد اقوام متحدہ کا عالمی ہدف حاصل کرلیں گے۔

ان خیالات کا اظہار سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹالوجی کورنگی کے نیونیٹل انٹینسیو کیئر یونٹ (این آئی سی یو) کے سربراہ ڈاکٹر سید ریحان علی نے عالمی یومِ قبل از وقت پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں ایسے درجنوں بچے بھی اپنے والدین کے ہمراہ شریک ہوئے جو پیدائش کے وقت ایک کلوگرام یا اس سے بھی کم وزن رکھتے تھے، تاہم شدید طبی پیچیدگیوں سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر ریحان علی نے کہا کہ پاکستان میں نومولود بچوں کی اموات اب بھی صحت عامہ کا ایک سنگین مسئلہ ہیں، جہاں ہر ایک ہزار زندہ پیدا ہونے والے بچوں میں سے تقریباً 37 زندگی کے ابتدائی 28 دنوں کے دوران انتقال کرجاتے ہیں۔ تاہم انتہائی نگہداشت کی سہولتوں میں بہتری، علاج معالجے کے نظام کو مضبوط بنانے اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کو خصوصی طبی نگہداشت فراہم کرنے کے نتیجے میں ایس آئی سی ایچ این اپنے نیٹ ورک میں شرح اموات نمایاں طور پر کم کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب چار سال قبل یہ سفر شروع کیا گیا تو ہر ایک ہزار نومولود بچوں میں سے 37 کی اموات ہوتی تھیں، لیکن آج یہ شرح کم ہو گئی ہے۔ انہیں پورا یقین ہے کہ آئندہ سال تک یہ تعداد مزید کم کرکے 12 تک لے آئیں گے اور 2030 سے بہت پہلے عالمی ہدف حاصل کرلیں گے۔

ڈاکٹر ریحان علی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت دنیا بھر میں نومولود بچوں کی شرح اموات 2030 تک کم کرکے زیادہ سے زیادہ 12 فی ہزار تک لانا ہے۔ پاکستان میں خصوصاً پسماندہ علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کی ناکافی سہولتوں کے باعث اس ہدف کا حصول اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں ہر سال ایک کروڑ سے زائد بچے وقت سے پہلے پیدا ہوتے ہیں اور قبل از وقت پیدائش نومولود بچوں میں طبی پیچیدگیوں اور اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ ایسے بچوں کو زندگی کے ابتدائی ہفتوں میں سانس لینے میں دشواری، انفیکشن اور دیگر پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، جس کے باعث انہیں خصوصی طبی نگہداشت اور بعض اوقات طویل عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہنا پڑتا ہے۔

ڈاکٹر ریحان علی کے مطابق انتہائی کم وزن اور وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچوں کا زندہ بچ جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ بروقت طبی مداخلت، تربیت یافتہ ماہرین اور جدید سہولتوں سے آراستہ انتہائی نگہداشت کے یونٹس نومولود بچوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

عالمی یومِ قبل از وقت پیدائش کی تقریب میں ماہرین امراض اطفال، نوزائیدہ بچوں کے ماہرین، نرسوں، ڈاکٹروں اور ان خاندانوں نے شرکت کی جن کے بچے ایس آئی سی ایچ این میں علاج کے بعد صحت یاب ہوئے تھے۔ کئی والدین اپنے بچوں کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے اور انہوں نے بچوں کی پیدائش کے بعد پیش آنے والی مشکلات، طویل علاج اور صحت یابی کے تجربات بیان کیے۔

تقریب میں شریک بعض بچوں کا پیدائشی وزن ایک کلوگرام یا اس سے بھی کم تھا اور انہیں اسپتال سے گھر جانے کے قابل ہونے تک انتہائی نگہداشت کی ضرورت پڑی تھی۔ ان بچوں کی تقریب میں شرکت نے دیگر والدین کو امید اور حوصلے کا پیغام دیا۔

ڈاکٹر ریحان علی نے والدین پر زور دیا کہ وہ وقت سے پہلے بچے کی پیدائش پر ہمت نہ ہاریں، کیونکہ جدید طبی سہولتوں اور بروقت علاج کے ذریعے انتہائی کم وزن بچوں کے زندہ بچنے کے امکانات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر بچہ قیمتی ہے اور ہر بچے کو زندہ رہنے کا حق حاصل ہے۔ ہمارا مشن معصوم زندگیاں بچانا ہے اور ہم نومولود بچوں کی ایسی اموات میں مزید کمی لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جنہیں بروقت علاج اور مناسب طبی سہولتوں کے ذریعے روکا جاسکتا ہے۔

تقریب میں شریک ماہرین نے کہا کہ پاکستان میں قبل از وقت پیدائش اور نومولود بچوں کی اموات میں کمی کے لیے دورانِ حمل بہتر طبی نگہداشت، پیچیدہ حمل کی بروقت تشخیص، زیادہ خطرے والی حاملہ خواتین کو مناسب طبی مراکز منتقل کرنے اور نیونیٹل انٹینسیو کیئر یونٹس تک رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ ایس آئی سی ایچ این کی گزشتہ چار سال کی کارکردگی ظاہر کرتی ہے کہ خصوصی طبی سہولتوں، تربیت یافتہ عملے اور مسلسل کوششوں کے ذریعے نومولود بچوں کی شرح اموات میں نمایاں کمی لائی جاسکتی ہے، خصوصاً ان بچوں میں جو وقت سے پہلے یا انتہائی کم وزن کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں