سیکڑوں پاکستانی ڈاکٹروں کی غزہ میں طبی عملے اور اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت، تحفظ کا مطالبہ

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی کنونشن میں متفقہ قرارداد منظور، صحت کے بجٹ میں اضافے، ڈاکٹروں کو تحفظ دینے اور برین ڈرین روکنے کے لیے اقدامات پر زور

پشاور: ملک بھر سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں پاکستانی ڈاکٹروں نے ہفتے کے روز غزہ میں ڈاکٹروں، طبی عملے اور اسپتالوں پر مسلسل اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کرلی، جس میں ان حملوں کی بین الاقوامی تحقیقات، طبی عملے کے تحفظ اور جنگ سے متاثرہ فلسطینی علاقوں میں ادویات، طبی آلات اور انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ قرارداد پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے سابق مرکزی صدر پروفیسر سہیل اختر نے پشاور کے خیبر میڈیکل کالج میں منعقدہ پیما کے 28ویں دو سالہ مرکزی کنونشن میں پیش کی، جسے ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے سیکڑوں مرد و خواتین ڈاکٹروں نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

قرارداد میں اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے تسلسل کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اب تک 1700 سے زائد ڈاکٹر اور دیگر طبی کارکن جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 362 کو حراست میں لیا گیا، جن میں سے کم از کم 83 اب بھی اسرائیلی قید میں ہیں۔

قرارداد کے مطابق غزہ میں 162 طبی مراکز اور 197 ایمبولینسوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 36 اسپتال اور 96 مراکز صحت غیر فعال ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹروں نے ناصر اسپتال سمیت دیگر طبی مراکز پر حملوں کی آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات، زیر حراست طبی کارکنوں کی فوری رہائی اور غزہ میں ادویات، طبی آلات، ایندھن اور زخمیوں کے علاج کے لیے محفوظ انخلا کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

کنونشن کے شرکا نے حکومت پاکستان، مسلم ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی شہریوں، ڈاکٹروں، طبی عملے اور اسپتالوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کریں۔

کنونشن کی افتتاحی تقریب میں پیما کے نومنتخب مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سلمان غوری اور مرکزی عہدیداروں نے 2026 سے 2028 کی مدت کے لیے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ سبکدوش ہونے والے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی نے نومنتخب قیادت سے حلف لیا۔

اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ پیما کا بنیادی مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنا، ڈاکٹروں کی کردار سازی، طبی اخلاقیات کا فروغ، مسلسل طبی تعلیم اور مریضوں کو بہتر علاج کی فراہمی ہے۔

انہوں نے دوا ساز کمپنیوں، ڈاکٹروں اور تشخیصی مراکز کے درمیان مالی مفادات پر مبنی تعلقات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کے مفادات کو ہر قسم کے تجارتی مفادات پر ترجیح دی جانی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈاکٹروں کی بھاری اکثریت طبی اخلاقیات اور پیشہ ورانہ اصولوں کی پابند ہے، جبکہ صرف چند فیصد ڈاکٹر ایسے کاموں میں ملوث ہیں جو مریضوں کے مفادات کے خلاف ہیں۔

پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے آبادی میں بے قابو اضافے کو پاکستان کے شعبہ صحت کا سب سے بڑا چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے خلاف تشدد، معاشی مشکلات اور بعض صوبوں میں طبی عملے کی مسلسل تذلیل کے باعث قابل اور تربیت یافتہ ڈاکٹر ملک چھوڑنے پر مجبور ہورہے ہیں۔

خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ارشد جاوید نے کہا کہ پیما کا فلسفہ اسلامی اقدار، پیشہ ورانہ مہارت اور انسانیت کی خدمت پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ذمہ داری صرف اسپتالوں میں مریضوں کا علاج کرنا نہیں بلکہ معاشرے کی بہتری میں کردار ادا کرنا بھی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کی کردار سازی، مسلسل طبی تعلیم اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں طبی امدادی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

صحت کے شعبے کو درپیش مسائل اور مواقع سے متعلق مذاکرے میں خیبر پختونخوا کے سابق وزیر صحت عنایت اللہ خان نے مطالبہ کیا کہ آئین میں ترمیم کرکے صحت کی سہولتوں تک رسائی کو شہریوں کا بنیادی حق تسلیم کیا جائے اور صحت کے لیے مختص بجٹ میں نمایاں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند آبادی کے بغیر کسی ملک کا دفاع بھی مضبوط نہیں ہوسکتا، اس لیے صحت پر خرچ ہونے والی رقم کو قومی سلامتی پر سرمایہ کاری سمجھا جانا چاہیے۔

کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر عبداللہ متقی نے کہا کہ ادارہ بااثر حلقوں، حتیٰ کہ سکیورٹی اداروں کے دباؤ کے باوجود پیشہ ورانہ معیار پر سمجھوتہ نہیں کرتا تاکہ سفارش کے بجائے اہلیت اور تربیت کی بنیاد پر ماہر ڈاکٹر تیار کیے جاسکیں۔

پیما شعبہ خواتین کی صدر پروفیسر ڈاکٹر امت اللہ زرین نے خواتین ڈاکٹروں کو درپیش امتیازی سلوک، تشدد اور کام کے نامناسب حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ طبی عملے کو بھی وردی پوش اہلکاروں کی طرح قانونی تحفظ فراہم کیا جائے۔

مذاکرے کے ماڈریٹر پروفیسر سعید اللہ شاہ نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس، بلند فشار خون، دل اور خون کی شریانوں کی بیماریوں سمیت طرز زندگی سے منسلک امراض تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جن کے باعث کم عمری میں اموات اور صحت کے نظام پر بوجھ میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی بیمار آبادی کا صرف علاج کے ذریعے مقابلہ ممکن نہیں، اس لیے بیماریوں سے بچاؤ، صحت مند طرز زندگی اور عوامی آگاہی کو ترجیح دینا ہوگی۔

کنونشن کے پہلے روز روبوٹک اور لیپروسکوپک سرجری، ماں اور بچے کی صحت، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات، فیٹی لیور، ذہنی صحت اور ریڈیالوجی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سمیت مختلف طبی موضوعات پر سائنسی نشستیں بھی منعقد ہوئیں۔

دو روزہ کنونشن میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور ملک کے دیگر شہروں سے سیکڑوں مرد و خواتین ڈاکٹر شریک ہیں۔ کنونشن اتوار کو بھی جاری رہے گا۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں