کراچی: ترکیہ کے فلاحی ادارے ٹیکا (TİKA) کے سندھ و بلوچستان کے سربراہ ماشوک پوسا (Maşuk Pusa) نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹالوجی (ایس آئی سی ایچ این) کورنگی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نومولود اور بچوں کے علاج کے لیے قائم نرسری، نیونیٹل انٹینسیو کیئر یونٹ (این آئی سی یو)، وارڈز، لیبارٹریز اور دیگر طبی و تشخیصی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سندھ انسٹی ٹیوٹ آف نیونیٹالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا نے مہمان کو ادارے کی کارکردگی، طبی خدمات اور بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے موقع پر ایس آئی سی ایچ این کے سی ای او ڈاکٹر شاہد رضا اور ہیڈ آف لیبز اینڈ ڈائیگناسٹک ڈاکٹر افضال بھی موجود تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ادارے کے تحت سندھ کے دس شہروں میں 14 صحت کی سہولیات قائم کی جا چکی ہیں، جہاں سالانہ 16 لاکھ سے زائد مریضوں کو طبی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے کے نیٹ ورک میں بچوں کے علاج کے لیے ساڑھے پانچ سو وینٹی لیٹرز، 480 انکیوبیٹرز اور 135 انٹینسیو کیئر بیڈز موجود ہیں، جو نومولود اور شدید بیمار بچوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کی زندگیاں بچا رہے ہیں۔ ایس آئی سی ایچ این کے قیام سے سندھ میں نومولود بچوں کی شرح اموات میں کمی آئی ہے۔
ڈاکٹر جمال رضا کا کہنا تھا کہ ادارہ طبی خدمات کو مزید جدید بنانے کے لیے جلد جینومک ٹیسٹنگ سروس شروع کرنے جا رہا ہے، جس سے موروثی اور جینیاتی بیماریوں کی تشخیص میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے ورچوئل کیئر کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جس کے تحت چوبیس گھنٹے ڈاکٹرز آن لائن دستیاب رہتے ہیں اور مریضوں کو طبی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
بریفنگ کے دوران انہوں نے بچوں میں بیماریوں کی بروقت تشخیص کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ تھائیرائیڈ کی خرابی کے باعث بال جھڑنے سمیت مختلف طبی مسائل کی بروقت شناخت اور علاج انتہائی ضروری ہے۔
دورے کے موقع پر ترکیہ کے فلاحی ادارے ٹیکا کے سربراہ ماشوک پوسا نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کا دورہ کرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کوئی نجی اسپتال ہو، کیونکہ عموماً سرکاری اسپتالوں میں اس معیار کی سہولیات دیکھنے کو نہیں ملتیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ انسٹی ٹیوٹ آف نیونیٹالوجی جیسے ادارے کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں اچھی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ماشوک پوسا نے اسپتال کے ساتھ تعاون کے حوالے سے ترکیہ کے عوام کی جانب سے یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ ترکیہ کی عوام اس ادارے کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔
اس دورے کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان فلاحی و طبی شعبے میں تعاون کے فروغ اور بچوں کی صحت کے لیے جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔