کراچی، نومبر 2026: انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرِ انتظام اسپتال میں قائم اسکول انڈس کے ستارے کی 13ویں گریجویشن تقریب منعقد ہوئی ، جس میں طویل عرصے سے زیرِ علاج بچوں کی تعلیمی کامیابیوں، حوصلے، عزم اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 47 طلبہ و طالبات نے گریجویشن مکمل کی۔ ، جنہوں نے طبی علاج کے ساتھ اپنی تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا اور اپنی محنت و لگن سے تعلیمی سفر میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا۔
تقریب میں بچوں کے اہلِ خانہ، اساتذہ، ڈاکٹرز، طبی عملے اور انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر گریجویٹ ہونے والے بچوں میں اسناد، رزلٹ کارڈز اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ بچوں کی اس کامیابی پر اہلِ خانہ اور اساتذہ نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
گزشتہ نو سال سے شاہ ولایت پبلک اسکول انڈس کے ستارے کے ساتھ اشتراک کے ذریعے زیرِ علاج بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنے میں تعاون کر رہا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت ایسے بچوں کو، جو طویل عرصے سے طبی علاج کے مراحل سے گزر رہے ہیں، اپنی تعلیم جاری رکھنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے اساتذہ، سائیکوسوشل ٹیم اور انڈس ہسپتال کے طبی عملے کی مشترکہ کاوشیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری خان تھے۔ تقریب میں ڈاکٹر شفیق حیدر ، ڈاکٹر محمد فریدالدین اور محترمہ ندرت امام، پرنسپل شاہ ولایت پبلک اسکول سمیت دیگر معزز شخصیات اور مدعو مہمانوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالباری خان نے بچوں کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا، کہ یہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں۔ بیماری اور علاج کے مشکل مراحل سے گزرنے کے باوجود اپنی تعلیم جاری رکھنا ان کے غیر معمولی حوصلے اور عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کی کامیابیاں ہم سب کے لیے باعثِ فخر اور دوسروں کے لیے ایک مثال ہیں۔
شاہ ولایت پبلک اسکول کی پرنسپل محترمہ ندرت امام نے بچوں کی جدوجہد اور کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کو صحت کے چیلنجز کے باوجود تعلیم کے میدان میں آگے بڑھتے دیکھنا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ انڈس کے ستارے محض ایک اسکول نہیں بلکہ ایک ایسا خاندان ہے جو بچوں میں امید، اعتماد، علم اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ ولایت پبلک اسکول ایسے بچوں کی تعلیم کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا اور طبی علاج مکمل ہونے کے بعد انہیں اسکول کے مرکزی کیمپس میں تعلیم جاری رکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
تقریب کے دوران انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے رضاکار اور ڈونر، فاؤنڈر فریال کامران انیشی ایٹو محترمہ فریال کامران کی تعلیمی معاونت اور بچوں کے لیے مسلسل خدمات کو بھی سراہا گیا۔
تقریب کا اختتام بچوں کی کامیابیوں کے اعتراف، اسناد اور میڈلز کی تقسیم اور انڈس کے ستارے سے وابستہ اساتذہ اور معاونین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔
انڈس کے ستارے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کوئی بچہ بیماری یا طویل علاج کے باعث تعلیم، سیکھنے اور اپنے خوابوں کی تکمیل کے مواقع سے محروم نہ رہے۔