چیف سیکریٹری سندھ کی اہلیہ کو بھی کتے نے کاٹا، ویکسین کے باوجود ریبیز سے چھ اموات کی تحقیقات جاری

کراچی: چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے بتایا ہے کہ ان کی اہلیہ، جو کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی بہن بھی ہیں، کو بھی آوارہ کتے نے کاٹا تھا، جبکہ صوبے میں ویکسین لگوانے کے باوجود ریبیز سے چھ افراد کی اموات کی تحقیقات جاری ہیں۔

انڈس اسپتال کراچی میں عالمی یومِ ریبیز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان چھ مریضوں کے کیسز کی تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ ویکسین لگوانے کے باوجود ان کی اموات کیوں ہوئیں۔

اپنی اہلیہ کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ کتے کے کاٹنے کے بعد انہیں پہلے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا تھا۔ تاہم، وہاں سگ گزیدگی کے علاج کی مناسب سہولت دستیاب نہیں تھی اور عملہ ایسے کیسز سے نمٹنے کے لیے تربیت یافتہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں ان کی اہلیہ کو انڈس اسپتال لایا گیا، جہاں ان کا علاج ہوا اور انہیں اینٹی ریبیز ویکسین دی گئی۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ ریبیز سے بچاؤ کے لیے بروقت اور درست آگاہی ضروری ہے اور کتے کے کاٹنے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کرنی چاہیے۔

انہوں نے ریبیز کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں اضافے کی ایک وجہ بہتر رپورٹنگ کو قرار دیا۔ ان کے مطابق پہلے کے مقابلے میں زیادہ کیسز رپورٹ ہونا بیماری اور اس سے بچاؤ کے حوالے سے بڑھتی ہوئی عوامی آگاہی کی بھی نشاندہی کرتا ہے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ ایک ماہ پر مشتمل آگاہی مہم کے دوران 10 ہزار طلبہ اور 300 اساتذہ کو ریبیز سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کی تربیت دی گئی۔

انڈس اسپتال حکام کے مطابق اسپتال اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد سگ گزیدگی کے کیسز کا مفت علاج کر چکا ہے۔

آصف حیدر شاہ نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو مل کر 2030 تک پاکستان کو ریبیز سے پاک کرنے کے ہدف کے حصول کے لیے کام کرنا ہوگا۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں