سرکاری کالجز اور اطراف میں منشیات، ویپ اور تمباکو مصنوعات پر پابندی، کریک ڈاؤن کا حکم

کراچی میں سرکاری کالجز کو منشیات سے پاک تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف کالج ایجوکیشن کراچی ریجن نے کالجز کی حدود اور ان کے اطراف میں منشیات، ویپ، تمباکو اور نکوٹین سے بنی اشیاء کے استعمال اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو ان کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی گلاب رائے کی ہدایت پر جاری دو الگ الگ مراسلوں میں شہر کے تمام سرکاری کالجز کے پرنسپلز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ضروری اقدامات کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔


سرکلر کے مطابق تمام سرکاری کالجز میں سگریٹ، تمباکو مصنوعات، ویپ، ای سگریٹ، نکوٹین پاؤچز، پان، گٹکا اور ہر قسم کے نشہ آور مواد کی ملکیت، استعمال اور خرید و فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی سے متعلق نوٹس کالجز کے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں اور اساتذہ، عملے اور طلبہ میں اس حوالے سے آگاہی پیدا کی جائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت سخت انتظامی اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔


دوسرے مراسلے میں کراچی کے اضلاع شرقی، غربی، جنوبی، کورنگی، ملیر، کیماڑی اور وسطی کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کے ذریعے کالجز کے اطراف 50 میٹر کے دائرے میں قائم دکانوں، کیفیز اور دیگر مراکز کی سخت نگرانی کریں۔


حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ کو ویپ، تمباکو مصنوعات یا منشیات فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ کالجز کے اطراف کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پرنسپلز فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو آگاہ کریں۔


ڈائریکٹوریٹ آف کالج ایجوکیشن کے مطابق 3 اگست سے نئے تعلیمی سیشن کے آغاز کے پیش نظر یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ دسویں اور بارہویں جماعت کے بعد کالجز میں داخل ہونے والے ہزاروں طلبہ کو منشیات اور تمباکو نوشی کے رجحان سے محفوظ رکھا جا سکے۔


ڈائریکٹر کالجز کراچی گلاب رائے کا کہنا ہے کہ کراچی کے تعلیمی اداروں کو مکمل طور پر منشیات سے پاک اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے تاکہ نوجوان نسل کے مستقبل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں