ڈینگی و ملیریا پھیلنے کا خدشہ, محکمہ صحت سندھ کا فوری لاروی سائیڈنگ اور اسپرے مہم شروع کرنے کا حکم

کراچی: صوبے بھر میں حالیہ بارشوں اور متوقع سیلابی صورتحال کے باعث ڈینگی اور ملیریا کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے اس حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران فوری طور پر مچھر مار اسپرے اور لاروی سائیڈنگ آپریشنز کا آغاز کریں، جہاں مچھروں کی افزائش کا خطرہ ہے وہاں فوری جراثیم کش مہم چلائی جائے۔

محکمہ صحت سندھ نے مزید ہدایت کی ہے کہ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ وی بی ڈی فوکل پرسن تعینات کیے جائیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی رپورٹس فراہم کی جائیں۔

لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ مقامی حکومتوں اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ مل کر انسدادی مہم کو یقینی بنایا جائے۔ بارش اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جن میں سکھر ڈویژن (گھوٹکی، خیرپور، سکھر) اور لاڑکانہ ڈویژن (لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور کندھ کوٹ) شامل ہیں۔

محکمہ صحت نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ڈینگی اور ملیریا جیسے امراض سے محفوظ رہ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے