کراچی: شہر میں ایم پاکس (Mpox) کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد بڑھنا شروع ہوگئی ہے اور حکام کے مطابق اتوار کو ایک اور کیس سامنے آیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق لانڈھی محبت نگر کے رہائشی 35 سالہ شخص میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق متاثرہ مریض کو سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال نیپا کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرلیا گیا ہے۔ متاثرہ شخص گزشتہ روز علاج کے لیے نیپا اسپتال آیا تھا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے، جبکہ پی سی آر ٹیسٹ میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال نیپا میں اب تک ایم پاکس کے 8 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ کراچی میں مجموعی طور پر ایم پاکس کے کیسز کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔