پی ایم ڈی سی کا بڑا فیصلہ، نجی میڈیکل کالجز میں خالی نشستیں، ایم بی بی ایس کا میرٹ 52 فیصد مقرر

اسلام آباد: نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں نشستیں خالی رہ جانے پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم بی بی ایس کے لیے کم از کم میرٹ 52 فیصد اور بی ڈی ایس کے لیے 47 فیصد مقرر کر دیا ہے، جبکہ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

کونسل کے حکام کے مطابق یہ ایک بار کی رعایت تعلیمی سال 2025-26 کے لیے دی گئی ہے تاکہ نجی اداروں میں خالی رہ جانے والی نشستوں کو پُر کیا جا سکے۔

ہدایات کے مطابق داخلہ دینے والے اداروں کو پہلے اپنی موجودہ میرٹ لسٹ میں شامل اہل امیدواروں سے نشستیں پُر کرنے کا کہا گیا ہے، تاہم اگر اس کے باوجود نشستیں خالی رہ جائیں تو ایم ڈی کیٹ کے پاسنگ فیصد میں مزید تین فیصد تک کمی کی اجازت دی گئی ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ رعایت صرف خالی نشستوں تک محدود ہو گی اور داخلوں کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ تمام داخلے مقررہ فیس اسٹرکچر کے مطابق کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے اور کسی بھی اضافی یا غیر مجاز فیس کی اجازت نہیں ہو گی۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سالانہ فیس 18 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر کیے جانے کے باوجود نجی میڈیکل کالجز مطلوبہ تعداد میں طلبہ کو داخلہ دینے میں ناکام رہے ہیں۔ اس سے قبل کئی ادارے 23 سے 25 لاکھ روپے یا اس سے بھی زائد فیس وصول کر رہے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فیس میں کمی کے باوجود طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نجی میڈیکل تعلیم کی جانب راغب نہیں ہو رہی، کیونکہ ہاسٹل، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات مجموعی طور پر تعلیم کو مزید مہنگا بنا دیتے ہیں، جس کے باعث یہ متوسط طبقے کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے۔

ملک میں ایک طرف سرکاری میڈیکل کالجز کی محدود نشستوں کے لیے سخت مقابلہ جاری ہے، جبکہ دوسری جانب مہنگی نجی نشستیں خالی رہ جانا طبی تعلیم کے نظام میں ایک غیر معمولی صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔

کونسل نے نجی اداروں کو مزید فیس کم کرنے پر غور کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو طبی تعلیم تک رسائی دی جا سکے، جبکہ داخلوں کی آخری تاریخ 15 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ اگرچہ نجی اداروں کے لیے وقتی ریلیف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم اس سے ملک میں مہنگی میڈیکل تعلیم اور اس تک رسائی سے متعلق بنیادی مسائل بھی ایک بار پھر نمایاں ہو گئے ہیں۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

کراچی میں نوجوان منکی پاکس کا شکار ، مشتبہ کیسز کی تعداد بڑھنے سے شہریوں میں خوف پھیلنے لگا، اسپتالوں میں ہائی الرٹ

کراچی میں ڈینگی سے رواں سال کی پہلی ہلاکت رپورٹ

پی ایم ڈی سی کا بڑا فیصلہ، نجی میڈیکل کالجز میں خالی نشستیں، ایم بی بی ایس کا میرٹ 52 فیصد مقرر