اسلام آباد: قومی ادارہ صحت اسلام آباد کی پولیو ریفرنس لیبارٹری نے تصدیق کی ہے کہ حیدرآباد کے علاقے پریت آباد کی آٹھ ماہ کی بچی پولیو وائرس سے جاں بحق ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ بچی دل کی مریض تھی اور ایک ماہ سے ڈائریا میں مبتلا تھی، جب کہ اس کے نمونے حاصل نہیں کئے جا سکے لیکن علامات پولیو سے مطابقت رکھتی تھیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وائرس قریبی افراد سے منتقل ہوا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیو وائرس اب بھی کمیونٹی میں گردش کر رہا ہے۔
اس نئے کیس کے بعد پاکستان میں رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 27 تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں سے 18 کیس خیبرپختونخوا، 7 سندھ، جبکہ پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر وائرس کی منتقلی کو نہ روکا گیا تو مزید بچے متاثر ہو سکتے ہیں اور پاکستان کے لئے پولیو کے مکمل خاتمے کا ہدف ایک بار پھر مشکل میں پڑ سکتا ہے۔
