کراچی میں پاکستان کی بڑی طبی کانفرنس ICON 2026 کا کل سے آغاز ہوگا، 10 روزہ کانفرنس میں ملک اور دنیا بھر سے طبی ماہرین شریک ہوں گے، جہاں مصنوعی ذہانت، آرگن ٹرانسپلانٹ، ٹراما کیئر، کینسر کے علاج اور موسمیاتی تبدیلی کے صحت پر اثرات سمیت اہم طبی موضوعات پر غور کیا جائے گا۔
کراچی میں انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک اور انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی 8ویں دو سالہ طبی کانفرنس ICON 2026 کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
کانفرنس کی افتتاحی تقریب کل 8 اکتوبر کو شام 4 بجے انڈس ہسپتال کورنگی کیمپس میں ہوگی۔
کانفرنس کا مرکزی موضوع "مستحکم دیکھ بھال، پائیدار مستقبل: کلائمٹ ایکشن اور مریضوں پر مرکوز صحت کی دیکھ بھال کا ربط” ہے، جس میں موسمیاتی تبدیلی کے صحت پر اثرات، جدید طبی تحقیق اور مریضوں کو بہتر اور پائیدار علاج کی فراہمی پر گفتگو کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب سے سابق وفاقی وزیر اور عالمی ادارۂ صحت کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر مرزا کلیدی خطاب کریں گے، جبکہ انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے صدر و سی ای او ڈاکٹر عبدالباری خان، بورڈ چیئرمین عبدالکریم پراچہ، کانفرنس چیئرمین ڈاکٹر سید احمر حامد اور انڈس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈین ڈاکٹر سید ظفر زیدی بھی اظہارِ خیال کریں گے۔
کانفرنس چیئرمین ڈاکٹر سید احمر حامد کے مطابق کانفرنس سے قبل ملک بھر میں 100 سے زائد ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا، جبکہ ICON 2026 کے دوران 50 سے زائد سائنسی سیشنز، پالیسی مباحث اور تحقیقی پوسٹرز پیش کیے جائیں گے۔
کانفرنس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ٹراما کیئر، آرگن ٹرانسپلانٹیشن، پیڈیاٹرک آنکولوجی اور نیٹ زیرو ہیلتھ سمیت طب کے مختلف شعبوں پر ماہرین اپنی تحقیق اور تجربات پیش کریں گے۔
جرمنی
سے انٹرنیشنل ڈائبیٹیز فیڈریشن کے صدر ڈاکٹر پیٹر شوارٹز اور کینیڈا سے ڈاکٹر نوید امام سید سمیت عالمی طبی ماہرین بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
کراچی کے بعد ICON 2026 کا سلسلہ 14 اکتوبر کو مظفرگڑھ جبکہ 16 اور 17 اکتوبر کو لاہور میں جاری رہے گا۔ لاہور میں ہونے والی اختتامی تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان مہمانِ خصوصی ہوں گے۔