اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر کی برطرفی کے احکامات معطل کردیئے

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے کام کی جگہ پر ہراسانی کے کیس میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر شہزاد علی خان کو ملازمت سے برطرف کرنے سے متعلق فوسپا اور صدر پاکستان کے احکامات پر عملدرآمد معطل کردیا ہے۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے جمعرات کو پروفیسر شہزاد علی خان کی درخواست پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے اور قرار دیا کہ درخواست میں اٹھائے گئے نکات غور طلب ہیں۔

عدالت نے صدر پاکستان کے اس فیصلے کا نفاذ معطل کردیا جس کے ذریعے پروفیسر شہزاد کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کی برطرفی کی سزا برقرار رکھی گئی تھی۔ عدالت نے فوسپا کے اس حکم پر بھی عملدرآمد معطل کردیا جس میں انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کی بڑی سزا سنائی گئی تھی۔

فوسپا نے پروفیسر شہزاد علی خان کی جانب سے دوسرے فریق کے خلاف دائر شکایت مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف دائر جوابی شکایت منظور کی تھی اور انہیں ملازمت سے برطرف کرنے کی سزا سنائی تھی۔

پروفیسر شہزاد نے فوسپا کے فیصلے کے خلاف صدر پاکستان سے رجوع کیا تاہم ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے برطرفی کی سزا برقرار رکھی گئی، جس کے بعد انہوں نے دونوں فیصلوں کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔

عدالتی حکم کے مطابق پروفیسر شہزاد کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے ابتدا میں دوسرے فریق کے خلاف بلیک میلنگ، دھمکی آمیز رویے، مالی بے ضابطگیوں اور دیگر الزامات پر فوسپا سے رجوع کیا تھا، جس کے بعد ان کے خلاف جوابی شکایت دائر کی گئی۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ صدر پاکستان نے پروفیسر شہزاد کی درخواست پر فیصلے میں خود مشاہدہ کیا تھا کہ ”یہ جنسی ہراسانی کا معاملہ نہیں ہے“ اور جنسی ہراسانی کے کسی مخصوص واقعے کی نشاندہی بھی نہیں کی گئی تھی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کے باوجود انتقامی کارروائی، کام کی جگہ پر ناموافق ماحول پیدا کرنے اور صنفی بنیاد پر ہراسانی سمیت دیگر بنیادوں پر ان کی برطرفی کی سزا برقرار رکھی گئی، جبکہ پروفیسر شہزاد کو ان بنیادوں پر مؤثر دفاع کا موقع نہیں دیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان دلائل یا کیس کے میرٹس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں دیا بلکہ درخواست میں اٹھائے گئے نکات کو غور طلب قرار دیتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔

عبوری عدالتی ریلیف کے بعد پروفیسر شہزاد علی خان نے کہا کہ وہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر کے عہدے پر واپس آگئے ہیں اور تحریری عدالتی حکم ملنے کے بعد دفتر جائیں گے۔

کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں