سندھ میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی، جون میں 29 میں سے 28 ماحولیاتی نمونے منفی قرار

کراچی: سندھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (EOC) نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران صوبے میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی مثبت شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔


سندھ ای او سی کے مطابق جون 2026 کے دوران صوبے سے حاصل کیے گئے 29 ماحولیاتی نمونوں میں سے 28 پولیو وائرس سے منفی قرار دیے گئے، جبکہ صرف ایک نمونے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔


ترجمان سندھ ای او سی کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی نگرانی کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ سندھ میں پولیو وائرس کا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے، تاہم وائرس کے مکمل خاتمے تک احتیاط اور بھرپور ویکسینیشن مہم جاری رکھنا ناگزیر ہے۔


ای او سی کے مطابق پولیو کے خاتمے کے لیے سندھ بھر میں ماحولیاتی نگرانی، ویکسینیشن کوریج اور ہر بچے تک رسائی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ادارے نے عزم ظاہر کیا کہ صوبے کے ہر اہل بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششیں جاری رہیں گی۔


سندھ ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ ساتھ ہی کمیونٹی رہنماؤں، علمائے کرام، ڈاکٹرز اور والدین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پولیو کے خاتمے کی قومی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں۔


ترجمان نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے ہیروز ہیں، ان کا احترام کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

اہم خبریں