کراچی: سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (SHCC) نے دارالصحت اسپتال میں دورانِ علاج ایک خاتون مریضہ کی مبینہ ہلاکت کے واقعے پر باضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ کمیشن نے بتایا ہے کہ پولیس کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے بعد تحقیقات کا عمل شروع کیا گیا ہے، کیونکہ اس نوعیت کے معاملات کی جانچ اور کارروائی کا قانونی اختیار سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے پاس ہے۔
کمیشن کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں آج انسپکشن ٹیم دارالصحت اسپتال کا دورہ کرے گی، جہاں تمام متعلقہ معلومات اور شواہد کا جائزہ لیا جائے گا۔ تحقیقات کے دوران اسپتال کا متعلقہ ریکارڈ بھی کمیشن کی تحویل میں لیا جائے گا تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات اور اسپتال سے حاصل ہونے والی رپورٹ کی روشنی میں متعلقہ شعبے کے ماہرین پر مشتمل ایک خصوصی بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔ اس بورڈ میں ایسے ماہرین کو شامل کیا جائے گا جو واقعے کی نوعیت کے مطابق تکنیکی اور طبی پہلوؤں کا غیرجانبدارانہ جائزہ لے سکیں۔
کمیشن کے مطابق بورڈ کی تشکیل کے بعد باقاعدہ ہیئرنگ کا عمل شروع ہوگا، جس میں شکایت کنندہ اور اسپتال انتظامیہ سمیت دونوں فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے فراہم کردہ حقائق کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔
سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے واضح کیا ہے کہ اس نوعیت کے معاملات میں فیصلے صرف تکنیکی اور طبی شواہد کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں، اس لیے تحقیقات کے تمام مراحل مکمل ہونے میں کچھ وقت درکار ہوگا۔ تمام قانونی اور تکنیکی تقاضے پورے ہونے کے بعد حتمی فیصلہ تحریری طور پر دونوں فریقین کو فراہم کیا جائے گا۔
کمیشن نے مزید کہا کہ دارالصحت اسپتال کے واقعے پر آج سے باضابطہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو تمام ضروری مراحل سے گزرنے کے بعد اپنے منطقی انجام تک پہنچے گی۔