ڈاکٹر عبد الکریم شیخ واقعہ: پی ایم اے کا سخت نوٹس، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ نے ڈاکٹر عبد الکریم شیخ کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ اس حوالے سے مرکزی قیادت کی جانب سے بھی فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پی ایم اے سندھ کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 5 ورکنگ دنوں میں اپنی ابتدائی رپورٹ پیش کرے۔

کمیٹی کی سربراہی سینئر ڈاکٹر راشد احمد لکھیر کریں گے جبکہ دیگر تجربہ کار ڈاکٹرز بھی اس کا حصہ ہیں۔ کمیٹی واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کرے گی اور گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے تاکہ شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جا سکے۔

تحقیقات میں مبینہ پیشہ ورانہ ہراسانی اور انتظامی دباؤ کے الزامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ سندھ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون حاصل کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (مرکز) نے بھی اس واقعے کو نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبدالغفور شورو کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ صرف ایک ڈاکٹر کا ذاتی نقصان نہیں بلکہ پورے طبی شعبے کی عزت، تحفظ اور ذہنی سکون پر حملہ ہے، خصوصاً دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز کیلئے یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے۔

خط میں پی ایم اے سندھ اور تھرپارکر قیادت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیں اور فوری اقدامات کریں، جن میں اعلیٰ سطحی انکوائری، متاثرہ خاندان سے اظہارِ یکجہتی اور شفاف قانونی کارروائی شامل ہے۔

پی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی غفلت، دباؤ یا ہراسانی کو برداشت نہیں کرے گی اور واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز کی سیکیورٹی اور ذہنی صحت کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کی اشد ضرورت ہے، تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

اہم خبریں

فیچر اور تجزیے

کیا آپ جانتے ہیں خون کے گروپس کیا ہوتے ہیں؟

ڈاکٹر عبد الکریم شیخ واقعہ: پی ایم اے کا سخت نوٹس، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم

پاکستان میں ساڑھے تین کروڑ افراد ہائی بلڈ پریشر کا شکار، تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ مرض سے لاعلم