کراچی: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور انسانی باقیات کی شناخت کا عمل تاحال جاری ہے۔ سندھ فارنسک اینڈ ڈی این اے لیب، جامعہ کراچی کو گل پلازہ سے ملنے والی لاشوں اور انسانی باقیات کے مجموعی طور پر 48 سیمپلز موصول ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب تک 21 انسانی باقیات کے ڈی این اے ٹیسٹ مکمل کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 16 باقیات کی شناخت ممکن ہو سکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ چار باقیات کی ڈی این اے نمونے باقیات مکس ہو نے کی وجہ سے ریپیٹ ہوگئے ہیں۔ ایک ڈی این اے سیمپل کے ریفرنس سیمپلز دستیاب نہ ہونے کے باعث شناخت ممکن نہیں ہو سکی۔ سانحے کے متاثرین کی شناخت کے لیے مجموعی طور پر 55 ریفرنس سیمپلز حاصل کیے گئے تھے، جن پر مرحلہ وار کام جاری ہے۔
متعلقہ حکام کے مطابق شناخت کا یہ عمل مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی، جبکہ باقی سیمپلز کی ڈی این اے جانچ کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق اب تک 73 باقیات اور لاشوں کے پوسٹ مارٹم مکمل کیے جا چکے ہیں تاہم اس سانحے میں 79 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اب تک 55 افراد کی جانب سے ریفرنس سیمپلز دیے گئے ہیں، 14 ریفرنس سیمپلز کے لیے اہل خانہ نے اب تک رابطہ نہیں کیا۔
سانحہ گل پلازہ: لاشوں اور انسانی باقیات کی شناخت کا عمل جاری
