سول اسپتال کراچی میں نوزائیدہ بچوں کے پیلیا کی تشخیص کے لیے جدید مشین متعارف

کراچی: نوزائیدہ بچوں میں پیلیا کی فوری اور درست تشخیص کے لیے سول اسپتال کراچی کے بچوں کے وارڈ میں جدید بلی روبین(bilirubin) میٹر مشین متعارف کرا دی گئی۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت اب بچوں کا پیلیا صرف چند سیکنڈ میں بغیر خون کے ٹیسٹ کے معلوم کیا جاسکے گا۔

پروفیسر اقبال میمن کے مطابق پہلے پیلیا کی تشخیص کے لیے خون کا نمونہ لیا جاتا تھا اور رزلٹ آنے میں کئی گھنٹے لگ جاتے تھے، جس سے والدین اور ڈاکٹر دونوں کو مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اب صرف بچے کے جسم پر جدید مشین کو ٹچ کیا جاتا ہے اور ساتھ ہی پیلیا کی سطح سامنے آجاتی ہے۔ یہ سہولت سرکاری اسپتال میں پہلی بار فراہم کی گئی ہے۔

ماہر امراضِ اطفال نے بتایا کہ جن بچوں میں پیلیا زیادہ ہوتا ہے انہیں فوٹو تھراپی کے ذریعے علاج فراہم کیا جاتا ہے۔ بعض اوقات پیلیا کی شرح بہت زیادہ ہونے پر پیچیدگیاں بھی سامنے آسکتی ہیں، اس لیے فوری تشخیص نہایت ضروری ہے۔

نئی مشین کے استعمال سے والدین کا وقت اور پیسہ دونوں بچیں گے جبکہ مریض بچے کا علاج بھی تاخیر کے بغیر ممکن ہوسکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے