وفاقی وزارت صحت کو مستقل سیکریٹری مل گیاحامد یعقوب شیخ وفاقی سیکریٹری صحت مقرر

اسلام آباد: سینئر بیوروکریٹ حامد یعقوب شیخ کو وفاقی وزارتِ صحت، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن (NHSR&C) کا نیا وفاقی سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ عہدہ سابق سیکریٹری ندیم محبوب کے تبادلے کے بعد اپریل سے خالی تھا، اور تقریباً تین ماہ بعد اب یہ خلا پُر کیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جو ایک ایسے وقت میں وزارتِ صحت میں قیادت کے طویل خلا کا خاتمہ ہے جب ملک کو صحت کے کئی بحرانوں کا سامنا ہے،
اس وقت ملک میں پولیو کے دوبارہ پھیلنے اور ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی تیاری سے متعلق خدشات شامل ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے حکام کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی سینئر افسران کو یہ ذمہ داری سونپنے کی کوشش کی گئی لیکن وزارتِ صحت کو درپیش شدید دباؤ اور چیلنجز کے باعث کئی افسران نے یہ عہدہ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

تاحال، یہ وزارت اسپیشل سیکریٹری وقار الحسن کے زیر نگرانی چل رہی تھی، جو سیکریٹری صحت کا اضافی چارج سنبھالے ہوئے تھے۔

حامد یعقوب شیخ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) کے سینئر افسر ہیں اور انہیں انتظامی امور کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ وفاقی اور صوبائی سطح پر متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں، بشمول وزارتِ خزانہ اور منصوبہ بندی، اور اپنی ٹیکنوکریٹک سوچ اور اسٹریٹجک پالیسی سازی کے لیے جانے جاتے ہیں۔

ماہرینِ صحت اور وزارت سے منسلک افراد امید ظاہر کر رہے ہیں کہ حامد یعقوب شیخ کی تقرری وزارتِ صحت کو درکار انتظامی استحکام فراہم کرے گی، جو گزشتہ برسوں سے قیادت میں بار بار تبدیلیوں کا سامنا کر رہی ہے۔ وزارت کے تحت جاری اہم اصلاحات، جیسے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کا منصوبہ اور یونیورسل ہیلتھ کوریج جیسے پروگراموں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے، جنہیں عملی شکل دینے کے لیے مستقل قیادت نہایت ضروری ہے۔

متعدد اسٹیک ہولڈرز نے قومی سطح پر جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، جیسے آج پی آئی، ماں اور بچے کی صحت کے اقدامات، اور دواسازی کے شعبے کا ضابطہ کاری نظام جیسے شعبے گزشتہ کچھ عرصے سے مستقل سیکریٹری کی عدم موجودگی کی وجہ سے متاثر ہو رہے تھے۔

وزارتِ صحت کے ایک سینئر افسر نے حامد یعقوب شیخ کی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہاکہ
ایک مستقل سیکریٹری کا ہونا تسلسل، گورننس اور صوبوں و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مؤثر رابطے کے لیے نہایت اہم ہے۔

وزارتِ قومی صحت خدمات طویل عرصے سے قیادت کے عدم استحکام کا شکار رہی ہے، لیکن اب جبکہ حامد یعقوب شیخ نے اس کی قیادت سنبھال لی ہے، امید کی جا رہی ہے کہ وہ ادارہ جاتی جمود کو توڑتے ہوئے پاکستان کے صحت کے نظام میں درکار اصلاحات کو تیز تر کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے