کراچی: جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جناح اسپتال) کی اکیڈمک کونسل نے اسپتال میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کے لیے قرار داد منظور کرلی، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ اسپتال کے مستقل اور ڈیوالو شدہ ملازمین میں سے کسی سینیئر ملازم کو ملنا چاہیے ۔
جناح اسپتال کی اکیڈمک کونسل کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا جس میں اجلاس میں سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال، پروفیسر شاہد رسول کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور ان کے ایثال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں اسپتال کے سربراہ کی تقرری کے لیے قرارداد پیش کی گئی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، قرارداد پروفیسر حلیمہ یاسمین نے پیش کی۔گزشتہ اجلاس کے منٹس کی منظوری پروفیسر تنویر احمد نے دی، جس کی پروفیسر ذیشان نے تائید کی۔
اجلاس میں جناح اسپتال کی آئندہ قیادت اور نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری پر تفصیلی غور کیا گیا۔ پروفیسر خالد شیر نے بتایا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ صرف جناح اسپتال کے اکیڈمک یا ایڈمنسٹریٹو کیڈر سے تعلق رکھنے والے مستقل، ڈیوالو شدہ ملازمین میں سے کسی موزوں شخص کو ملنا چاہیے۔ اجلاس کے لیے سینئر افسران ڈاکٹر محمد سلیمان، ڈاکٹر یحییٰ اور ڈاکٹر نوشین کو کوآپٹڈ ممبران کے طور پر مدعو کیا گیا۔
کونسل کے تمام ممبران اور کوآپٹڈ ارکان نے متفقہ طور پر پروفیسر خالد شیر کو جناح اسپتال کا سب سے اہل امیدوار قرار دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر اسپتال سے باہر کے کسی شخص کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تو اس کی بھرپور مزاحمت اور احتجاج کیا جائے گا۔
اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے سفارش کی گئی کہ جناح اسپتال کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر صرف وہ شخص ہو جو اکیڈمک یا ایڈمنسٹریٹو کیڈر کا سینئر ترین مستقل، ڈیوالو شدہ ملازم ہو۔
دیگر معاملات میں پروفیسر حضرت بلال کو اکیڈمک کونسل کا ممبر بنانے کی منظوری دی گئی جبکہ فیصلہ ہوا کہ ایمرجنسی میڈیسن ٹرینی کا معاملہ سی پی ایس پی کے صدر کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ کونسل نے مزید طے کیا کہ تمام اکیڈمک امور ڈین جناح اسپتال اور چیئرپرسن اکیڈمک کونسل دیکھیں گے۔
جناح اسپتال: ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری پر اکیڈمک کونسل کی متفقہ قرار داد، بیرونی تقرری کی سخت مزاحمت کا اعلان
