کراچی: ضلع شرقی کی رہائشی 22 سال کی لڑکی سرکاری اسپتال میں دورانِ علاج ڈینگی وائرس سے انتقال کرگئی، جس کے بعد صوبے میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی۔ رواں برس سندھ میں ڈینگی سے انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 38 ہوچکی ہے۔
محکمہ صحت کی یومیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں ڈینگی کے 449 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کراچی میں 215 اور حیدرآباد میں 234 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں 77 نئے مریض داخل ہوئے جبکہ نجی اسپتالوں میں 54 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد داخل مریضوں کی مجموعی تعداد 109 ہوگئی۔
کراچی ڈویژن کے سرکاری اسپتالوں میں 32 اور حیدرآباد کے سرکاری اسپتالوں میں 28 نئے مریض داخل ہوئے۔ دوسری جانب سرکاری اسپتالوں میں 67 اور نجی اسپتالوں میں 59 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو واپس گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق مجموعی طور پر 4 ہزار 101 افراد کے ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 449 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ کراچی کی لیبارٹریز میں سب سے زیادہ 215 جبکہ حیدرآباد میں 234 مثبت کیسز سامنے آئے،
