مستقبل کے تین ڈاکٹر سمندر میں ڈوب کر جاں بحق، تین کو بچا لیا گیا

کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے طلبہ پکنک منانے کے لیے گئے جہاں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ تین طلبہ سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ تین کو بچا لیا گیا۔

 

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق ڈاؤ میڈیکل کالج فائنل ایئر ڈی-26 بیچ کے طلبہ پکنک کے لیے گئے تھے۔ تقریباً ڈیڑھ سو طلبہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے منظم کردہ پکنک کے لیے ہاکس بے پہنچے، تاہم 15 طلبہ کا ایک گروپ منوڑہ ہاکس بے کے ساحل پر گیا جہاں یہ حادثہ پیش آیا۔

 

انتظامیہ کے مطابق ایک طالب علم سمندر کی تیز لہر میں پھنس گیا، جسے بچانے کی کوشش میں دیگر طلبہ بھی پانی میں اتر گئے، اور یہ المناک واقعہ پیش آیا۔

 

عبدالمجید کو تشویش ناک حالت میں آئی سی یو میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ رضوان اور ربیع ایمرجنسی وارڈ میں آکسیجن پر ہیں۔

ڈوب کر جاں بحق ہونے والے طلبہ کی شناخت احمد کاشف، اشارب منیر اور اشہد کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کی لاشیں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردی گئی ہیں۔

 

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام طلبہ پکنک کے لیے والدین کی اجازت سے گئے تھے، جبکہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انتظامیہ نے جاں بحق طلبہ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے