کراچی: قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) نے ایک 16 سالہ لڑکے کا دل کا ایسا مشکل آپریشن کامیابی سے کیا ہے جو پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ یہ آپریشن 16 گھنٹے تک جاری رہا اور ڈاکٹروں نے بڑی محنت اور مہارت سے اسے کامیاب بنایا۔
یہ آپریشن “ٹوٹل آرچ ریپلیسمنٹ ود فریزَن ایلیفینٹ ٹرنک ٹیکنیک” 𝑻𝒐𝒕𝒂𝒍 𝑨𝒓𝒄𝒉 𝑹𝒆𝒑𝒍𝒂𝒄𝒆𝒎𝒆𝒏𝒕 𝒘𝒊𝒕𝒉 𝑭𝒓𝒐𝒛𝒆𝒏 𝑬𝒍𝒆𝒑𝒉𝒂𝒏𝒕 𝑻𝒓𝒖𝒏𝒌 𝑻𝒆𝒄𝒉𝒏𝒊𝒒𝒖𝒆
کہلاتا ہے، یہ دنیا کے چند ملکوں میں ہی کیا جاتا ہے۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان نے بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں جگہ بنا لی ہے۔
یہ سرجری ترکیہ کے مشہور کارڈیک سرجن پروفیسر اورسے کِزل ٹیپے Prof. Ugursay Kiziltepe from Türkiyeکی نگرانی میں ہوئی، جنہیں خصوصی طور پر این آئی سی وی ڈی نے مدعو کیا تھا۔ ان کے ساتھ پاکستانی ڈاکٹروں کی ٹیم میں ڈاکٹر خزیمہ طارق، پروفیسر اسد بلال اعوان، ڈاکٹر فہد اور پروفیسر امین خوجا شامل تھے۔
ڈاکٹروں کے مطابق مریض اب تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔ اس آپریشن پر تقریباً 60 لاکھ روپے خرچ آئے، مگر سندھ حکومت کی مدد سے یہ علاج مکمل طور پر مفت کیا گیا۔
پروفیسر اورسے کِزل ٹیپے نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ یہ ایک بہت مشکل آپریشن تھا، لیکن این آئی سی وی ڈی کے ڈاکٹروں نے اسے بہترین طریقے سے انجام دیا۔
ڈاکٹر خزیمہ طارق نے کہا کہ یہ آپریشن ہمارے ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ اب پاکستان میں وہ مشکل سرجریز ممکن ہیں جو پہلے صرف بڑے ملکوں میں ہوتی تھیں۔
پروفیسر اسد بلال اعوان نے بتایا کہ دنیا کے بڑے اسپتالوں میں بھی اس طرح کی سرجریز بہت کم کی جاتی ہیں۔ لیکن ہماری ٹیم نے یہ کام کر کے دکھا دیا۔
ڈاکٹر فہد نے کہا کہ 16گھنٹے لمبے آپریشن کے دوران ہم سب نے ایک ٹیم کے طور پر محنت کی۔ یہ پاکستان میں دل کے علاج کے بڑھتے ہوئے معیار کا ثبوت ہے۔
پروفیسر امین خوجا نے بتایا کہ اتنی طویل سرجری میں مریض کو مستحکم رکھنا آسان نہیں ہوتا، مگر ٹیم ورک اور احتیاط نے ہمیں کامیاب کیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈیپروفیسر طاہر صغیر نے کہا کہ اس نوجوان کے دل سے نکلنے والی مرکزی شریان پھٹی ہوئی تھی جسے آپریشن کے ذریعے ٹھیک کیا گیا ہے اور اس کا دوسرا آپریشن اب ایک مہینے بعد ہوگا جس میں اس نوجوان کے دل کے نچلے حصے کا آپریشن کیا جائے گا۔
اگر ہم یہ آپریشن نہ کرتے تو نوجوان کی زندگی خطرے میں پڑ سکتی تھی، یہ کامیابی پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
انہوں نے پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ این آئی سی وی ڈی دنیا کے جدید ترین دل کے علاج میں کسی سے پیچھے نہیں۔
این آئی سی وی ڈی اب ملک بھر میں جدید سہولتوں کے ساتھ دل کے تمام علاج مفت فراہم کر رہا ہے، تاکہ ہر شہری کو زندگی بچانے والا علاج میسر ہو۔
