سندھ میں ڈینگی سے مزید دو افراد جاں بحق، 1558 نئے کیسز رپورٹ

کراچی: سندھ میں ڈینگی وائرس کی صورتحال تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے مزید دو افراد انتقال کر گئے، جن میں ایک دو سالہ بچہ اور 52 سالہ شخص شامل ہیں۔ دونوں مریض حیدرآباد کے سرکاری اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 5742 ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1558 مثبت پائے گئے۔ کراچی ڈویژن میں 4010 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 758 کیسز مثبت آئے جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 1732 ٹیسٹوں میں سے 800 کیسز رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف سرکاری اسپتالوں و نجی اسپتالوں میں 149 نئے مریض داخل ہوئے جن میں سے 81 نئے مریض سرکاری جبکہ نجی اسپتالوں میں 68 نئے مریض داخل ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت صوبے کے سرکاری اسپتالوں میں 201 اور نجی اسپتالوں میں 180 مریض زیرِ علاج ہیں۔

کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے لیے 251، حیدرآباد میں 116 اور اندرونِ سندھ کے مختلف اسپتالوں میں 528 بیڈز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 895 بیڈز دستیاب ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صوبے بھر میں ڈینگی کی شرح 27 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، کراچی میں اس وقت 36 لیبارٹریزمیں ڈینگی ٹیسٹنگ کی سہولیات موجود ہیں جن میں 13 سرکاری اور 23 نجی لیبارٹریز شامل ہیں، جب کہ حیدرآباد میں 18 لیبارٹریز فعال ہیں جن میں 7 سرکاری اور 11 نجی ہیں۔

سیکریٹری محکمہ صحت سندھ ریحان بلوچ کے مطابق رواں ماہ صوبے بھر میں ڈینگی کے 2090 مصدقہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ رواں سال کے دوران کیسز کی مجموعی تعداد 2735 تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی ڈویژن میں 1005، حیدرآباد ڈویژن میں 938، میرپورخاص ڈویژن میں 114، سکھر ڈویژن میں 13، شہید بینظیرآباد میں 14 اور لاڑکانہ ڈویژن میں 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ کراچی میں ملیریا ٹیسٹ کی قیمت 3000 روپے سے کم کر کے 600 روپے، ڈینگی ٹیسٹ کی قیمت 3450 سے کم کر کے 1100 روپے، ڈینگی کومبو ٹیسٹ 4150 سے کم کر کے 1500 روپے اور فالو اپ سی بی سی ٹیسٹ کی قیمت 1250 سے کم کر کے 500 روپے کر دی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے