کراچی: ضلع جامشورو کی یونین کونسل مول کے علاقے فیض محمد برفت گوٹھ میں ہیضہ اور اسہال کی وبا کے باعث اموات کی اطلاع پر وزیرِ صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متاثرہ علاقے میں ہنگامی بنیادوں پر میڈیکل کیمپ قائم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
وزیرِ صحت کی ہدایت پر محکمہ صحت سندھ نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز جامشورو اور ملیر کو ہائی الرٹ کر دیا ہے، جب کہ دونوں اضلاع کی ہیلتھ ٹیمیں مشترکہ طور پر متاثرہ علاقے میں مسلسل موجود ہیں۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق متاثرہ گوٹھ ضلع جامشورو کی حدود میں واقع ہے لیکن چونکہ یہ ضلع ملیر کی سرحد کے قریب ہے، اسی لیے دونوں اضلاع کی ٹیمیں مل کر کام کر رہی ہیں۔
محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق علاقے میں قائم کیا گیا میڈیکل کیمپ گزشتہ ایک ہفتے سے فعال ہے، جہاں موبائل اسپتال وینز بنیادی لیبارٹری ٹیسٹ اور علاج معالجے کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ 1122 ایمبولینس سروس کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرہ مریضوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا سکے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ 36 بیڈڈ ڈمبہ گوٹھ اسپتال اور سندھ گورنمنٹ مراد میمن اسپتال میں 24 گھنٹے ایمرجنسی سروس فعال کر دی گئی ہے، جہاں طبی عملہ ہمہ وقت مستعد ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق، وبا کی ابتدا تقریباً 7 سے 10 روز قبل ہوئی جب ایک مقامی فوتگی کے موقع پر زیرِ زمین آلودہ پانی اور مضرِ صحت کھانے کے استعمال سے متعدد افراد متاثر ہوئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
محکمہ صحت کی ٹیموں نے علاقے سے پانی کے نمونے جمع کر کے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں، جن کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق پانی میں آلودگی اور بیکٹیریا کی موجودگی وبا کی بڑی وجہ قرار دی جا رہی ہے۔
وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ علاقے میں ہیلتھ ایجوکیشن ٹیمیں بھی متحرک ہیں جو مقامی افراد میں آگاہی سیشنز کر رہی ہیں۔ ان سیشنز میں لوگوں کو صاف اور ابلا ہوا پانی پینے، ہاتھ دھونے اور کھانے کی اشیاء کو محفوظ رکھنے کی تلقین کی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وبا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔
