کراچی: روزنامہ دی نیوز انٹرنیشنل اور جیو نیوز سے وابستہ سینئر صحافی وقار بھٹی کو صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات، بیماریوں سے بچاؤ اور عوامی آگاہی میں مؤثر کردار ادا کرنے پر پہلا نیشنل ہیلتھ ایوارڈ دیا گیا۔
یہ ایوارڈ 22ویں ہیلتھ ایشیا انٹرنیشنل ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس کے سالانہ عشائیے کے موقع پر کراچی میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سید مصطفیٰ کمال نے وقار بھٹی کو ایوارڈ پیش کیا، جبکہ ممتاز عالمی ماہر صحت پروفیسر ذوالفقار بھٹہ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبیداللہ اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی (HSA) کے وائس چانسلر پروفیسر شہزاد علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وقار بھٹی گزشتہ دو دہائیوں سے صحت کے شعبے میں رپورٹنگ کر رہے ہیں اور انہیں پاکستان میں ہیلتھ جرنلزم کا نمایاں نام قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنی رپورٹنگ میں پولیو کے خاتمے، اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس، زچہ و بچہ کی صحت، غیر متعدی امراض اور صحت عامہ کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی ہے۔ ان کی تحریریں اور رپورٹس عوامی سطح پر بیماریوں سے بچاؤ اور صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وقار بھٹی اور دیگر ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے فروغ کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے، اور ایسے صحافیوں کی خدمات پالیسی سازوں، طبی ماہرین اور عوام کے درمیان رابطے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
نیشنل ہیلتھ ایوارڈز کا یہ پہلا ایڈیشن ہیلتھ ایشیا 2025 کے موقع پر متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد صحت کے مختلف شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے والے ماہرین اور پیشہ ور افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
